فلاح انسانیت فاؤنڈیشن عید الفطر کے موقع پر غزہ شام، فلسطین، کشمیر، میانمار سمیت مظلوم مسلمانوں میں ایک لاکھ عید گفٹ پیکس تقسیم کریگی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) فلاح انسانیت فائونڈیشن کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر غزہ، شام اور میانمار کے مظلوم مسلمانوں سمیت تھرپارکر، بلوچستان، کشمیری و افغان مہاجرین، متاثرین وزیرستان اور دیگر غرباء و مستحقین میں کروڑوں روپے مالت کے ایک لاکھ ’’عید گفٹ پیکس‘‘ تقسیم کئے جائیں گے۔ عید گفٹ پیک میں بچوں اور بڑوں کے لئے ملبوسات، بچوں کے کھلونے، چوڑیاں، مہندی اور مٹھائیاں شامل ہیں۔ امسال فلاح انسانیت فائونڈیشن انڈونیشیا میں مقیم میانمار مسلمانوں کیلئے بھی بڑے پیمانے پر عید گفٹ پیکس کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ غزہ اور شام میں اس حوالے سے رقوم بھیج دی گئی ہیں اور انڈونیشیا میں ’’عید پیکیج‘‘ لے کر فلاح انسانیت فائونڈیشن کا وفد خود جا رہا ہے۔ جو عید بھی روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ کرے گا۔ فلاح انسانیت فائونڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرئوف کا کہنا ہے کہ اس سال خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے تاکہ یہ مجبور و مظلوم لوگ بھی دیگر مسلمانوں کی طرح عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔