حالیہ بارشیں اور محکموں کی کارکردگی
مکرمی! حالیہ اور متوقع بارشوں کا سلسلہ جوکہ شروع ہو چکا ہے۔ جس سے ہر سال کی طرح دریاؤں ندی نالوں میں سیلاب کی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے اور سیلاب و بارشوں سے ہر سال ہمارے ملک میں اربوں کا مالی نقصان ہوتا ہے جانی نقصان کی تفصیل اس سے الگ ہے۔ہر سال حکومتوں کی طرف سے یہ دعوے سننے کو ملتے ہیں کہ متوقع سیلاب اور برسات کے پانی کو کنٹرول کرنے کے فول پروف انتظامات کئے جا چکے ہیں لیکن یہ محض دعوے ہی ثابت ہوتے ہیں اور ہر سال فیصلوں اور املاک کو روندتے ہوئے سیلاب اربوں کا نقصان کر جاتا ہے اور ہم پھر وہی راگ الاپنا شروع کر دیتے ہیں کہ انڈیا کی آبی جارحیت کی وجہ سے ہمیں نقصانات جھیلنے پڑ رہے ہیں۔ بحث مباحثے شروع ہو جاتے ہیں نئے ڈیم اور رابطہ نہروں کے نکالنے کی باتیں چل نکلتی ہیں لیکن جوں ہی سیلاب کا پانی ساری تباہی و بربادی مچانے کے بعد سوکھتا ہے۔ ہم سارے اقدامات کرنے بھول جاتے ہیں۔میری حکام بالا سے گزارش ہے کہ بلند بانگ دعوے کرنے کی بجائے عملی اقدامات بھی کئے جائیں۔ دریاؤں نالوں کے پشتوں کو اونچا کیا جائے اور نئے ڈیموں اور رابطہ نہروں کی تعمیر بھی عمل میں لائی جائے اور سب سے اہم کام نہروں دریاؤں اور سیلاب سے متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو بھی موثر بنایا جائے۔ تاکہ متوقع برسات کے موسم اور سیلاب سے املاک اور انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔( طیب علوی شعبہ ابلاغیات گورنمنٹ ایم اے او کالج لاہور)