• news

صدر نے عید پر مختلف قیدیوں کی سزائوں میں ایک سال تک کمی کی منظوری دیدی

اسلام آباد (اے پی پی) صدر ممنون حسین نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کی سزائوں میں خصوصی کمی کی منظوری دیدی۔ بدھ کو جاری بیان کے مطابق سزائوں میں تین ماہ کی خصوصی کمی عمرقید کے قیدیوں کیلئے کی گئی ہے لیکن ان میں قتل، ریاست کیخلاف سرگرمیوں، جاسوسی، انتہاپسندی، زنا، ڈکیتی، راہزنی، اغوا اور دہشت گردی جیسے سنگین جرائم میں سزا یافتہ قیدی شامل نہیں۔ اسی طرح تمام دیگر قیدیوں کی سزائوں میں ڈیڑھ ماہ (45 دن) کی خصوصی کمی کی گئی ہے تاہم ان میں جاسوسی، ریاست کے خلاف سرگرمیوں، دہشت گردی، زنا، اغوا، راہزنی، ڈکیتی اور فارنرز ایکٹ 1946ء کے تحت دیگر جرائم میں سزا یافتہ قیدی شامل نہیں۔ سزائوں میں یہ خصوصی کمی ان قیدیوں کیلئے ہو گی جو اپنی دوتہائی سزا کاٹ چکے ہیں۔ سزائوں میں مکمل معافی ان 65 سال یا اس سے زائد عمر کے مرد قیدیوں اور 60 سال یا اس سے زائد عمر کی خاتون قیدیوں کیلئے ہے جنہوں نے کم از کم ایک تہائی سزا کاٹ لی لیکن یہ قتل اور انسداد دہشت گردی (دوسرے ترمیمی) آرڈیننس 1999ء کے تحت دہشت گردی کی کارروائیوں میں سزایافتہ مجرموں کیلئے نہیں ہوگی۔ اسی طرح قتل اور دہشت گردی کے علاوہ دیگر جرائم میں سزا یافتہ ایسی خاتون قیدی جو بچوں کے ہمراہ قید کی سزا کاٹ رہی ہیں انکی سزا میں ایک سال کی خصوصی کمی کی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن