’’بچوں کے بہترین علاج پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ‘‘شہبازشریف کی گڈ گورننس کا سن رکھا تھا، عملی مشاہدہ بھی کرلیا، والدین کی گفتگو
لاہور (خصوصی رپورٹر) آرمی پبلک سکول پشاور کے لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج بچوں کے والدین نے اپنے بچوں کے علاج معالجے کے حوالے سے پنجاب حکومت کے بھرپور تعاون پر وزیراعلیٰ شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم گزشتہ 28 روز سے لاہور آئے ہوئے ہیں، ہمیں یہاں بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، پنجاب حکومت نے ہر طرح سے خیال رکھا ہے اور ہسپتالوں میں بھی بہترین علاج کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں- ایک بچیمعاذ عرفان کے والدنے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردوں کی گولیوں سے میرے بچے کی کہنی متاثر ہوئی ہے جس کی 7 مرتبہ سرجری ہو چکی ہے اورابھی تک اس کا بازو بحال نہیں ہوا ہے۔ ایک اور بچے عبداﷲ کے والد کے بتایا کہ عبداﷲ کا ایک کان ضائع ہواہے ، اسی طرح ایک اور بچے کے والدنے بتایاکہ اس کے بچے کا گھٹنا متاثر ہواہے ہم اپنے بچوں کو علاج کے لئے پنجاب لائے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کی گڈ گورننس کا سن رکھا تھا تاہم یہاں آ کر ہم نے اس کا عملی مشاہدہ بھی کر لیا ہے- والدین نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے پنجاب میں ان کے بچوں کے بہترین علاج معالجے، میڈیکل بورڈ کی سفارش پر بعض بچوں کا بیرون ملک علاج کروانے کی یقین دہانی اور تعلیم کے امور کے حوالے سے تعاون پر وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا- قبل ا زیں وزیراعلیٰ شہباز شریف تمام بچوں کی نشستوں پر گئے اور بچوں سے فرداً فرداً ہاتھ ملایا اور بچوں کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا۔