• news

جھنگ: چناب میں طغیانی سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع

جھنگ+ اٹھارہ ہزاری (نامہ نگاران) دریائے چناب میں طغیانی کے باعث حفاظتی بند کے اندرونی اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جس سے علاقہ مکین گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تریموں بیراج پر پانی کا اخراج کم کروایا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب ہیڈ تریموں کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام دروازے کھلے ہیں اور پانی کا اخراج کروایا جا رہا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ انہیں نہ تو کوئی وارننگ جاری کی گئی اور نہ ہی ابھی تک انتظامیہ سے کوئی فر د ان کا احوال جاننے آیا ہے۔ سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں، کماد، چارہ تباہ ہوگیا ہے۔ علاوہ ازیں دریائے چناب میں تریموں کے مقام پر پانی کی سطح کم ہونا شروع ہو گئی۔ گزشتہ روز تریموں بیراج پر پانی کی آمد ایک لاکھ 35 ہزار جبکہ اخراج ایک لاکھ 17 ہزار کیوسک تھا۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے عید کے روزسے ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی تاہم کشمیر، ہزارہ، راولپنڈی، اسلام آباد، لاہوراورگوجرانوالہ ڈویژن میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق عید کے روز بالائی علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہیگا جس سے موسم مزید خوشگوار ہوجائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن