• news

سپریم کورٹ نے ریلوے اراضی پر قبضوں کے مقدمہ کو سوموٹو کیس میں تبدیل کردیا

اسلام آباد (اے پی پی) سپریم کورٹ نے ریلوے کی اراضی پر غیرقانونی قبضوں سے متعلق مقدمہ کو سوموٹو کیس میں تبدیل کرتے ہوئے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس سے چاروں صوبوں میں زیرقبضہ اراضی اور مقدمات کی تفصیلات طلب کر لیں اور مزید سماعت 27 جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔ یاد رہے عدالت نے یہ نوٹس پشاور میں اربوں روپے مالیت کی 22 ہزار 6 سو مربع فٹ اراضی کو لیز پر دینے کے حوالے سے مقدمہ میں لیا۔ پشاور ریلوے کے ڈی ایس علی محمد آفریدی نے پیش ہو کر عدالت کو بتایا کہ پہلے یہ ریلوے کی 80 جائیدادوں کا معاملہ تھا جن میں سے 50 پراپرٹیز لیز پر دی گئی تھیں، ان میں 41 جائیدادیں واپس ریلوے نے حاصل کر لی ہیں اب صرف 9 لیزوں کا معاملہ ہے جس میں چار کمپنیاں ملوث ہیں۔ یہ پراپرٹیز سرگودھا، سکھر،کیرج فیکٹری اسلام آباد، ملتان، سیالکوٹ، کوئٹہ، پشاور، حیدر آباد اور شکارپور کی قیمت فی مرلہ 20 لاکھ روپے تک ہے۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر الرحمن نے عدالت سے استدعا کی کہ ہمیں رپورٹ پیش کرنے کیلئے مہلت دی جائے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے سماعت کے دورا ن کہا کہ پنجاب میں گڈ گورننس کے دعوے تو بہت کئے جاتے ہیں اعلٰی سطح پر یہ سلوگن لگایا جا رہا ہے کہ کرپشن کا خاتمہ ناگزیر ہے مگر ناک کے نیچے سب کچھ کیا جا رہا ہے پہلے ریلوے کا نظام بہتر تھا۔ سٹیم انجن ٹرن ٹیبل پر موڑے جاتے تھے مگر اب تو ریلوے سٹیشن اور ریلوے کی جائیدادیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن