پشاور: ٹارگٹ کلنگ، کونسلر سمیت 2 جاں بحق، ڈی جی خان میں 3 دہشت گرد گرفتار
پشاور+ ڈی جی خان+ کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) پشاور کے علاقہ یکہ توت میں ٹارگٹ کلنگ کے مختلف واقعات کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نومنتخب کونسلر سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ ڈی جی خان میں پولیس اور حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان الفاروق گروپ سے ہے جبکہ کوئٹہ اور پشاور میں سرچ آپریشن کے دوران افغان باشندوں سمیت 37 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ولی آبادسے نومنتخب یوتھ کونسلر یاسر انگار کسی کام کی غرض سے وزیر باغ آیا ہوا تھا جہاں موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے انہیں شدید زخمی کر دیا جسے طبی امداد کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے یاسر انگار کا تعلق عوامی نیشنل پارٹی سے تھا۔ دریں اثناء دیر کالونی کا رہائشی وارث ولد سلطان اپنے بیٹے احسان اللہ کے ساتھ موٹر سائیکل پر عید کی خریداری کیلئے بازار جا رہا تھا کہ راستے میں جبہ سہیل پل کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وارث خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ اس کا بیٹا زخمی ہوگیا۔ ادھر چیچگی روڈ پشاور پر سابق صوبائی وزیر ہدایت اللہ کے گھر کے باہر دھماکہ ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ سے گھر کے گیٹ کو جزوی نقصان پہنچا۔ دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر کوئٹہ میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے 11 مشتبہ غیرقانونی افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ علاوہ ازیں پشاور پولیس اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 26 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس حکام کے مطابق مشترکہ سرچ آپریشن حسن گڑھی کے علاقہ میں کیا گیا۔ چمن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پی سی او کا مالک ولی اللہ ہلاک ہوگیا۔ ڈی جی خان میں گرفتار دہشت گردوں میں طالبان کا اہم رکن حنیف اور 2 نامعلوم ملزم شامل ہیں۔ دہشت گردوں سے کلاشنکوف، 2 دستی بم اور 9 ایم ایم پستول برآمد کرلئے گئے۔ دہشت گردوں سے سینکڑوں گولیاں، کمپیوٹر اور شرانگیز لٹریچر برآمد ہوا ہے۔ اے این این کے مطابق دہشت گرد حنیف تونسہ شریف میں اقلیتی عبادتگاہ پر حملے میں ملوث ہے۔ علاوہ ازیں کیپٹل سٹی پولیس پشاورنے غیرقانونی طور پر اسلحہ بنانے والے کارخانے کو سیل کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیاہے جبکہ پانچ ملزمان گرفتار کرلئے ہیں۔ اورکزئی ایجنسی میں دو الگ الگ واقعات میں ایک گھر پر دستی بموں سے حملہ کیا گیا جس سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ اسلام آباد میں بھی سرچ آپریشن کے دوران 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ کوہاٹ میں بھی سرچ آپریشن کے دوران 50 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ بولان میں بھی ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ چمن میں ڈاکوئوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ ایک لیویز اہلکار زخمی ہوگیا۔