متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کی تنخواہ 5 لاکھ ماہانہ مقرر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) وفاقی حکومت نے متروکہ وقف املاک چیئرمین کی درخواست پر ان کی ماہانہ تنخواہ 5لاکھ روپے مقرر کرکے اکتوبر 2014سے اب تک تقریبا 40لاکھ روپے بقایاجات کی ادائیگی بھی کر دی، چیئرمین صدیق الفاروق نے بطور چیئرمین بورڈ ذمہ داریاں سنبھالنے کے بورڈ کے اخراجات اور خسارہ کو کم کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا لیکن وہ چند ماہ بعد ہی اس عہد کو فراموش کر بیٹھے، اور خسارے کا شکار متروکہ وقف املاک بورڈ پر پانچ لاکھ روپے ماہانہ کا مزید بوجھ ڈال دیا ۔ بورڈ ذرائع کے مطابق صدیق الفاروق نے وفاقی حکومت سے مراعات سمیت تنخواہ7لاکھ روپے دینے کا مطالبہ کیا تھا تاہم حکومت نے اس کو مسترد کرتے ہوئے 5لاکھ روپے مقرر کی ہے۔ جبکہ انہوں نے اپنے استعمال کے لئے مالی بحران سے دوچار متروکہ وقف بورڈ کے فنڈز سے نئی گاڑی بھی خریدی لی۔ صدیق الفاروق کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے انکی تنخواہ 5لاکھ روپے ماہوار مقرر کی ہے جس میں سے ہر مہینہ 78ہزار روپے انکم ٹیکس کٹوتی ہوتی ہے۔ نئی گاڑی کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ انکے پاس 2006ماڈ ل کی گاڑی ساڑھے 4لاکھ کلو میڑ چل چکی تھی اور زیادہ خراب رہنے لگی تھی چونکہ وہ بورڈ کے معاملا ت اور موقع دیکھنے کیلئے بہت زیادہ سفر کرتے ہیں اس لےے مجبوراً گاڑی بدلنا پڑی۔
5 لاکھ تنخواہ