• news

نیب کا آصف ہاشمی کی دبئی سے واپسی کیلئے انٹرپول سے رابطے کا فیصلہ

اسلام آباد (نوخیز ساہی+ نیشن رپورٹ) نیب نے متروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی) کے سابق چیئرمین سید آصف ہاشمی کو دبئی سے واپس لانے کیلئے انٹرپول سے رابطے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ بدھ کے روز ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی، سابق وائس چیئرمین چودھری ریاض احمد، انویسٹمنٹ مینجمنٹ آفیسر فیضان شمس، سیکرٹری جنید اقبال، شہزاد ہاشمی اور دیگر کے خلاف انکوائری کی اجازت دی گئی۔ ان افراد پر کرپشن، پسندیدہ افراد کو اہم سیٹوں پر بھرتی کرنے، زمینوں کی الاٹمنٹ میں قواعد نظرانداز کرنے، بورڈ کے فنڈز میں غبن کے ذریعے خزانے کو 737 ملین روپے کا نقصان پہنچانے کے الزامات ہیں۔ ذرائع نے بتایا نیب نے سپریم کورٹ میں میگا کرپشن کیسز کی لسٹ پیش کرنے کے بعد تحقیقات کو تیز کردیا ہے اور چیئرمین نیب نے تمام ریجنل بیوروز اور متعلقہ ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام جاری مقدمات کی انکوائری جلد مکمل کریں۔ مزید برآں گزشتہ روز ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا گلگت بلتستان کا سب آفس بہت اہم ہے وہاں سب آفس کو فعال کیا جائے تاکہ لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن