الطاف کے بیان سے لاتعلقی ظاہر نہ کی تو متحدہ پر پابندی لگوائیں گے: تحریک انصاف
اسلام آباد (شفقت علی/ دی نیشن رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ جب تک متحدہ قومی موومنٹ الطاف حسین کے فوج کے خلاف بیان سے اظہار لاتعلقی نہیں کرتی تحریک انصاف ایم کیو ایم پر پابندی لگوانے کی کوشش کرتی رہے گی۔ دی نیشن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو یہ واضح کرنا ہو گا کہ وہ الطاف حسین کے بیان کے حامی ہیں یا مخالف۔ الطاف حسین ریاستی اداروں کے خلاف بیانات دے رہے ہیں اور وہ سیاسی جماعت کی سربراہی کے مستحق نہیں۔ مائنس ون یا مائنس ٹو ایم کیو کو کسی ایسے لیڈر کا انتخاب کرنا ہو گا جو آئین کو قبول کرے اور مسلح افواج کا احترام کرے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ الطاف حسین قیام پاکستان کے مخالف ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے جو بات کی وہ ریکارڈ پر ہے۔ الطاف کا کہنا ہے کہ قیام پاکستان انسانی تاریخ کی سب سے بڑی غلطی تھی۔ آرٹیکل 124-A کے تحت مسلح افواج کے خلاف بولنے والا قابل سزا ہے۔ مسلح افواج دہشت گروں کے خلاف جنگ میں ملکی سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے۔ اگر ایم کیو ایم نے بطور سیاسی جماعت زندہ رہنا ہے کہ تو اسے صحیح راستہ اختیار کرنا ہو گا۔ متحدہ کے رہنما علی رضا عابدی نے کہا ہے کہ متحدہ کے خلاف ’’ڈرٹی لوگ‘‘ متحدہ کے خلاف ’’ڈرٹی ڈرامہ‘‘ کر رہے ہیں۔ ایم کیو ایم مسلح افواج کی حمایت کرتی ہے۔ ماضی میں فوج کے حق میں کئی ریلیاں نکالی ہیں۔ خواجہ آصف نے بھی فوج کے خلاف باتیں کیں۔ انہوں نے کبھی اپنے بیان پر معافی نہیں مانگی۔