انسداد دہشت گردی کیلئے نیا ڈیجیٹل آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ، آج لاہور میں آزمائش
لاہور (معین اظہر سے) حکومت پنجاب نے عید کے بعد انسداد دہشت گردی کے لئے نئی طرز کا ڈیجیٹل سرچ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا جائے گا اور پہلی مرتبہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی استعمال کی جائیگی مشکوک افراد کے موقع پر بائیو میٹرک تصدیق کے لئے جدید مشینری سی ٹی ڈی کے پاس پہنچ گئی ہے جس کو آج سے لاہور میں آزماشی طور پر استعمال کیا جائے گا اور افغان بستیوں میں سرچ آپریشن، سرائے، ہوٹلوں، عارضی رہائش گاہوں پر لاہور میں کیا جائے گا۔ فورتھ شیڈول کے لئے کلائی پر لگائی جانے والی ڈیوائس بھی پولیس کے پاس پہنچ گئی ہے ایلیٹ ٹریننگ سکول میں پولیس افسران کو اس کے استعمال کی تربیت دینی شروع کر دی گئی ہے۔ 1500 ڈیوائس عید کے بعد فورتھ شیڈول کے تقریبا 1400 افراد کو لگانے کے لئے فہرست کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ مشکوک افراد کی بائیو میٹرک تصدیق موقع پر کی جائے گی جبکہ انتہا پسند افراد کے فنگر پرنٹ اور دیگر ڈیٹا بھی اس سرچ اپریشن میں اکٹھا کیا جائے گا۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے اعلی حکام کے لئے جو بریفنگ تیار کی ہے۔ اس کے بعد اس پر عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا اس آپریشن میں حساس ادارے، پولیس اور سی ٹی ڈی مشترکہ شرکت کریں گے اس کے لئے پنجاب میں 215 حساس مقامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جن میں آپریشن کیا جائے گا۔ یہ ڈیوائس واٹر پروف ہے اور نہانے کے دوران اس میں خرابی نہیں ہوگی۔ کلائی سے یہ ڈیوائس اتارنے کی صورت میں فوری کنٹرول میں الارم بجنا شروع ہو جائے گا اور سی ٹی ڈی کی کوئیک رسپانس فورس متعلقہ تھانے کو اطلاع کرنے کے بعد اس فرد کی گرفتاری کے لئے گھیرا تنگ کر لے گی۔ عید پر تقریبا 200 افراد کی نظربندی کے احکامات جاری کئے جارہے ہیں اس کے لئے آج فہرستیں متعلقہ ڈی سی او ، ڈی پی او کو بھجوا دی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی کی ٹرئینگ کے لئے لاہور میں ایلیٹ سکول کی توسیع کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے پولیس نے تجویز دی تھی ایک علیحدہ سکول بنایا جائے لیکن اب ایلیٹ سکول جہاں پر سالانہ تقریباً 2 ہزار افراد کو ٹریننگ دی جاسکتی ہے۔ اس کی استعداد کار بڑھا کر سالانہ 2500 سے 3 ہزار افراد کی ٹریننگ دینے کے قابل کیا جائے گا جس میں سی ٹی ڈی اور ایلیٹ کو ٹریننگ کے نئے پروگرام متعارف کروائے جائیں گے۔