خان آف قلات سے مذاکرات کے لیے بلوچستان حکومت کا وفد لندن پہنچ گیا
کوئٹہ (صباح نیوز) قبائلی سردار اور صوبائی وزیر برائے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نواب محمد خان شاہوانی کی سربراہی میں حکومت بلوچستان کا ایک تین رکنی وفد لندن پہنچ گیا۔ یہ وفد خودساختہ جلاوطن بلوچ رہنما اور خان آف قلات میر سلیمان داد جان سے مذاکرات کرے گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق حکومتِ بلوچستان کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ قبائلی عمائدین اور نیشنل پارٹی کے رہنمائوں پر مشتمل یہ حکومتی وفد دو دن پہلے لندن پہنچا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وفد میر سلیمان داد کی جانب سے بات چیت کے لیے رضا مندی کا اشارہ ملتے ہی لندن کے لیے روانہ ہوگیا تھا۔یہ وفد ملاقات کرکے انہیں وطن واپسی اور بلوچستان کو درپیش مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کرے گا۔ وفد کے دوسرے ارکان میں رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی، سینیٹر کبیر اور وزیراعلی کے مشیر خزانہ میر خالد خان لنگوشامل ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ پہلے ہی لندن میں موجود ہیں۔