• news

بزرگ پنشنرز کو یکم اگست سے ڈبل پنشن دی جائے: ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے بزرگ پنشنرز کو یکم اگست سے دوہری پنشن ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے توہین عدالت کی درخواست پر مزید سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے چیف خزانہ افسر پنجاب اور خزانہ افسر لاہور کی جانب سے غیر مشروط معافی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں افسروں کو جیل بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ عید کے بعد کیا جائے گا۔ جسٹس سید منصور علی شاہ کے روبرو بزرگ پنشنرز کو دوہری پنشن کی عدم ادائیگی پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت شروع ہوئی تو ایڈیشنل سیکرٹری فنانس خالد محمود نے ادائیگی کا نوٹیفکیشن پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ بزرگ پنشنرز کو دوہری پنشن کی ادائیگی کا عمل یکم اگست سے شروع کر دیا جائے گا اور اس نوٹیفکیشن کی بابت صوبہ بھر کے تمام ضلعی خرانہ افسروں کو مراسلے جاری کر دیئے گئے ہیں جس سے بزرگ پنشنرز کو دوہری پنشن کی وصولی میں کوئی دقت نہیں ہو گی۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ بقایا جات کی ادائیگی کا شیڈول تیار کیا جا رہا ہے جسکے لئے مزید وقت فراہم کیا جائے۔ عدالتی حکم کی غلط تشریح کرنے والے اے جی آفس کے دو افسروں چیف خزانہ افسر رفیق احمد اور ضلعی خزانہ افسر محمد اختر نے نوٹیفکیشن واپس لیتے ہوئے عدالت سے غیر مشروط معافی کی استدعا کی جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ عید کی وجہ سے ان افسروں کو جیل نہیں بھجوایا جا رہا۔ عدالت نے دونوں افسروں کی جانب سے پیش کئے گئے غیر مشروط معافی نامے مسترد کر دیئے۔

ای پیپر-دی نیشن