• news

کراچی: فائرنگ سے بول چینل کے شعبہ ہیومن ریسورس کا سربراہ جاں بحق

کراچی (کرائم رپورٹر+ بی بی سی+ آئی این پی) کراچی میں فائرنگ کے واقعہ میں نجی ٹی وی چینل بول کے شعبہ ہیومن ریسورس کے سربراہ جاں بحق ہو گئے۔ نعمان علی نارتھ ناظم آباد میں کار میں سوار ہو کے دفتر سے گھر جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے فائرگ کر دی۔ پولیس کے مطابق ایک گولی نعمان کے سر میں لگی جو آر پار ہو گئی۔ 35 سالہ مقتول کا تعلق اسماعیلی برادری سے تھا۔ علاوہ ازیں کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران زخمی سمیت پانچ ملزمان گرفتار کر لئے۔ لیاری کے دو مختلف علاقوں میں پولیس کی جانب سے کارروائیاں کی گئیں۔ عید گاہ میں پولیس مقابلے کے دوران دو ملزمان عامر اور سلمان زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے جبکہ کلری میں پولیس نے کارروائی کر کے زخمی سمیت دو ملزمان کو دھر لیا۔ ایس ایس پی سٹی فدا حسین کے مطابق گرفتار ملزمان سٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ادھر کراچی میں نارتھ ناظم آباد میں نجی ٹی وی چینل بول کے شعبہ ہیومن ریسورس کے سربراہ نعمان علی گاڑی پر دفتر سے گھر جا رہے تھے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی گئی۔ نعمان علی کو پہلے عباسی شہید ہپستال اور اس کے بعد آغا خان ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے۔ 35 سالہ متقول نعمان علی کا تعلق اسماعیلی برادری سے تھا وہ شادی شدہ اور دو بچوں کے والد تھے۔ نعمان علی گذشتہ تین برس سے ایگزیکٹ کمپنی سے منسلک تھے، پچھلے دنوں ہیومن ریسورس شعبے کے سربراہ علی غفار کی گرفتاری کے بعد انہیں یہ ذمہ داریاں سونپی گئیں تھیں۔ علاوہ ازیں کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میںایک شخص ہلاک اور خاتون سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔ نیپئر کے علاقے لیمارکیٹ میں محمود شاہ روڈ پر رحمانیہ مسجد کے نزدیک مسلح افراد نے ایک شخص محمد اقبال کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کا قتل بھتہ خوری کا شاخسانہ ہو سکتا ہے۔ ادھر ڈیفنس میں صبا ایونیو پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان محمد ایوب ولد محمد نواز زخمی ہو گیا۔ ادھر نارتھ ناظم آباد میں اینٹی کار لفٹنگ سیل کی ٹیم کے ساتھ مقابلے میں ایک کار لفٹر امتیاز تنولی ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے ساتھی فائرنگ کی آڑ میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مارے جانے والے کار لفٹر کی شناخت امتیاز تنولی کے نام سے ہوئی ہے جو اپنے دوساتھیوں کے ہمراہ سوزوکی ہائی روف میں جا رہا تھا، لفٹنگ سیل کے عملے نے نارتھ ناظم آباد میں روکا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم امتیاز تنولی ہلاک ہوگیا جس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول برآمد ہوا ہے جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن