نااہل حکمرانوں سے جان چھڑانے کا وقت آ گیا : شیخ رشید
جدہ(امیر محمد خان سے ) اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان میں جو اصل حکمران ہیں وہ کھل کر سامنے آئیں اور اس نا اہل حکومت سے عوام کی جان چھڑائیں، جن کے دور میں عوام بھوک پیاس اور گرمی سے مر رہے ہیں اور ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہارعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے آپنے اعزاز میںتحریک انصاف کے یاسر کی جانب دی گئی افطار پارٹی میں پاکستان جرنلسٹ فورم کے ارکان سے بات کرتے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مائنس الطاف فارمولا کامیاب نہیں ہو گا اس سے خانہ جنگی ہو جائے گی اور اب یہ 1990ء یا 1992ء نہیں ہے ۔ ا س دفعہ اگر لڑائی ہوئی تو لیڈر یا باہر سے فنڈ لینے والوں کو نہیں اصلی غریب مہاجر کو بہت نقصان ہو گا ۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ نواز شریف ، آصف زرداری اور الطاف ایک ہی لائن کے تین سٹاپ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپیکر ایاز صادق کے دن گنے جا چکے ہیں ،الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ آنے والا ہے جس کے بعد عمران خان ’’ لالیک چوک‘‘ میں کھڑا ہو گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ زرداری اب کہیں نہیں کھڑے ہیں،معافی کو قبول کر لینا چاہئے۔ بلاول اگر سیاست میں آیا تو ایسی ایسی وڈیو مارکیٹ میں آئیں گی کہ لوگ الامان الحفیظ پکار اٹھیں گے۔ایان علی کی ضمانت کی تو ہر ایک کو خبر ہے لیکن اسے پکڑنے والے کسٹم انسپکٹرکی نعش کسی کو یاد نہیں جسے گھر میں گھس کر گولی مار دی گئی۔ عمران فاروق قتل کیس کی پیشرفت کے سوال پر انھوں نے کہا کہ مجھے اس کیس سے زیادہ اب ’’فاروق ستار‘‘ کی فکرہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ اکتوبر نومبر بہت اہم ہیں ۔فوج خود براہ راست حکومت میں نہیں آئے گی لیکن بہت ساری دوسری تبدیلیاںہو سکتی ہیں۔ جنرل پرویز مشرف کے بارے سوال پر انھوں نے کہا کہ وہ ایک بہت اچھا اور ایماندارانسان ہے۔ وہ صدرِ پاکستان تھا اور اس کی بیٹی ایک عام پاکستانی کی طرح کئی سال ریل کار پر سفر کرتی رہی اور مجھ جیسے وزیر ریلوے کو بھی اس کاپتہ تک نہ تھا۔ ریحام خان کی ڈگری کے سوال پر انہوںکے کہا کہ میں عمران کی ڈگری کے بارے میںتو صفائی دے سکتا ہوں لیکن ریحام خان بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔