• news

پرویز خٹک نے مانکی شریف میں عید منائی، رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں بُلانے کا مطالبہ

نوشہرہ (آئی این پی) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ملک میں دو عیدیں اس لیے منائی جا رہی ہیں کہ لوگوں نے چاند نظر آنے کی شہادتیں دیں مگر رویت ہلال کمیٹی نہ ہماری شہادتیں مانتی ہے نہ پشاور میں اجلاس بُلاتی ہے‘ تو اس کا کیا حل ہے‘ قرآن مجید میں روزہ اور عید کیلئے چاند دیکھنا شرط ہیں‘ قومی وطن پارٹی کے ساتھ بات چیت مکمل ہوچکی ہے ‘شراکت اقتدار کا فارمولا بھی طے پاچکا ہے عید کے فوراً بعد قومی وطن پارٹی معاملات طے پاجانے کے بعد حکومت میں شامل ہو گی۔ صوبائی احتساب کمیشن آزاد و خود مختار ادارہ ہے، سیکرٹری معدنیات کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں وہ احتساب کمیشن کا اشتہار ی ملزم ہے۔ عیدالفطرکے موقع پر اپنے گائوں مانکی شریف میں عید منانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ مفتی منیب الرحمان کا تعلق بھی خیبر پی کے سے ہے مگر معلوم نہیں کہ وہ صوبے کی شہادتیں کیوں تسلیم نہیں کرتے۔ وفاقی حکومت کو چاہیے کے اس کا نوٹس لے۔ روزے اور عید کا فیصلہ چاند دیکھنے سے ہوتا ہے اور خیبر پی کے میں علماء کے سامنے گواہ اور شہادتیں پیش ہوتی ہیں اور اسی بنیاد پر روزے اور عید کا فیصلہ ہوتا ہے رویت ہلال کمیٹی کو چاہئے کے وہ پشاور میں اجلاس طلب کیا کرے، رات گیارہ بجے تک انتظار کیا کریں تاکہ یہ مسئلہ ہمیشہ کے لئے ختم ہو اور قومی یکجہتی قائم ہو۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے اپنے آبائی علاقے نوشہرہ میں عیدالفطر منائی تھی۔ اپنے رشتہ داروں اور پارٹی کارکنوں سے ملے انہیں عیدالفطر کی مبارکباد دی۔

ای پیپر-دی نیشن