• news

اپنے مفاد کیلئے اسلام کا نام لینے والے عسکریت پسندوں کے سامنے نہ جھکیں: زرداری

اسلام آباد+ لاہور (سپیشل رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الفطر کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ عید کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں بالخصوص پاکستانی مسلمان بہن بھائیوں کو مبارکباد دیتے ہیں۔ رمضان المبارک کا مہینہ خاتمے پر جس میں مسلمانوں نے خود کو اللہ تعالیٰ کی مرضی کے لئے وقف کر دیا تھا اور اللہ تعالیٰ سے معافی کے طبلگار ہوئے تھے۔ یہ مہینہ مسلمانوں کو برداشت کا سبق سکھاتا ہے اور تمام برائیوں سے روکتا ہے۔ رمضان کے بعد بھی مسلمانوں کے لئے انہی اصولوں پر عمل کرنا ضروری ہے۔ اپنے ہموطنوں سے یہ کہتے ہیں کہ وہ انتہا پسندوں اور عسکریت پسندوں کے سامنے نہ جھکیں جو اپنے مفاد کے لئے اسلام کا نام استعمال کرتے ہیں۔ اس موقع پر ہمیں چاہئے کہ ہم غریب اور ضرورت مند لوگوں کو نہ بھولیں۔ اس موقع پر ہمیں آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے، ان لوگوں کو بھی یاد رکھیں گے جنہوں نے انتہا پسندی، دہشت گردی سے لڑتے ہوئے گھر بار چھوڑ دیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عیدالفطر کے موقع پر پشاور آرمی اسکول حملے کے متاثرین کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ہمارے دل آج بھی آرمی پبلک سکول کے ان شہیدوں کو یاد کر رہے ہیں جن کو گزشتہ سال 16 دسمبر کو دہشتگردوں نے گولیاں مار کر شہید کیا تھا، آج ہم اس حملے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین اور بچ جانے والے بچوں کے بھی ساتھ ہیں۔ انہوں نے شہیدوں کے ورثاء سے کہا کہ آپ کے بیٹوں اور بیٹیوں کی قربانی اس قوم کے شعور کی اجتماعی یاد میں سما چکی ہے جو کبھی بھی مٹ نہیں سکتی، پوری قوم کی دعائیں اور نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ ہم آج اپنے رب کائنات کی رحمت کے سامنے سربسجود ہیں جس نے ہمیں رمضان المبارک میں کروڑوں رحمتوں سے نوازا ہے۔ مسلمانوں کے لئے آج خوشی کا دن ہے، میں پوری مسلم امہ اور خصوصی طور پر پاکستان کے مسلمانوں کو مبارک باد دیتا ہوں۔ اپنی خوشیوں میں غریب مستحق لوگوں کو یاد رکھیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عید پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے روزے رکھنے کے بعد عیدالفطر اطاعت کے تربیتی عمل کی تکمیل پر اظہار مسرت اور نزول قرآن کی سالگرہ پر خوشی منانے کادن ہے۔ یہ خوشی اطاعت ہی کے ایک عمل ’’نماز‘‘ اور اجتماعی اظہارِ شوکت کا نام ہے۔ مدینہ منورہ میں اعتکاف کے بعد پاکستانی قوم کے نام اپنے پیغام میں سراج الحق نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ گوناں گوں مسائل و آزمائشوں کا شکار ہے۔ عید اپنی خوشی کے ساتھ ساتھ دیگر بہن بھائیوں کی دلجوئی اور ہمدردی کا بھی درس دیتی ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلمان اس عیدالفطر کو نبی پاکﷺ کے بتائے ہوئے طریقوں اور اسلامی شعائر کے مطابق بنائیں۔ اپنے قرب و جوار میں غریب مظلوم اور بے سہارا افراد کی غمخواری کریں، امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک عراق، افغانستان، فلسطین، کشمیر، مصر اور شام میں مسلمانوں کا قتل عام کر رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے عید الفطر کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور اسکے 19 کروڑ عوام کو خوشحالی اور امن کی دولت سے مالامال کرے، دعا ہے کہ اللہ رب العزت پاکستان کو ایماندار، باصلاحیت اور دردمند قیادت نصیب فرمائے جو اس ملک اور قوم کو کرپشن، دہشتگردی اور غربت کے اندھیروں سے نجات دلائے۔ قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے پوری امت اور اسلامیان پاکستان کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ رمضان المبارک ایک نئی زندگی کی نوید سناتے ہوئے اور اسلوب زندگی کو قرآن و سنت کے احکامات کے تابع کرنے کے لیے نئے اہداف دے کر رخصت ہو گیا ہے۔ اللہ تعالی ماہ رمبارک کے آخری دن جہنم کے مستحق افرا د کی بھی بخشش کر دیتا ہے۔ ملت اسلامیہ عہد کرے کہ اختلافات کو ترک کر کے محبت وحدت اور قرآن و سنت کی بنیاد پر متحد ہو جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن