کوئٹہ: کمانڈر سدرن شہید چوکیدار طالب حسین کے گھر گئے‘ آرمی چیف کا خراج عقیدت
کوئٹہ+ اسلام آباد (آن لائن+ اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پرائیویٹ سکیورٹی گارڈ طالب حسین نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر اور خودکش حملہ کو روک کر کئی معصوم بے گناہ شہریوں کو بچا لیا، چاند رات کو خودکش حملے میں سکیورٹی گارڈ طالب حسین سمیت 2 افراد شہید ہوگئے تھے جبکہ بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے شہید سکیورٹی گارڈ طالب حسین کی بہادری اور قربانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چاند رات کو 1نامعلوم دہشت گرد خودکش حملہ آور جو خاتون کا لباس پہنے ہوئے برقعہ اوڑھ کر کوئٹہ کے نواحی علاقے بروری روڈ سے ریلوے ہائوسنگ سوسائٹی کے گیٹ سے داخل ہوکر ہزارہ ٹائون داخل ہوکر جانا چاہتا تھا کہ گیٹ پر موجود پرائیویٹ سکیورٹی گارڈ طالب حسین نے اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے اسے روکنے کی کوشش کی تو خودکش حملہ آور نے اپنے آپ کو اڑا لیا دھماکے کے نتیجے میں خودکش حملہ آور ہلاک اور چوکیدار طالب حسین نے اپنی جان قربان کرکے سینکڑوں کی تعداد میں بے گناہ بچوں خواتین، بزرگوں اور شہریوں کو بہت بڑی تباہی سے بچایا۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ اکبر حسین درانی نے بتایا کہ اس طرح کے واقعہ کی اطلاع تھی جس کی وجہ سے سکیورٹی کے انتظامات کو سخت بنایا گیا تھا سکیورٹی ہائی الرٹ ہونے سے خودکش حملہ آور اپنے ٹارگٹ پر نہیں پہنچ سکا۔ علاوہ ازیں پولیس کی جانب سے شہید چوکیدار طالب حسین کے ورثاء کیلئے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ بعدازاں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ بروری روڈ دھماکے میں شہید چوکیدار طالب حسین کے گھر گئے انہوں نے شہید چوکیدار کے بیٹے سے تعزیت کی۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ نے کہا کہ چوکیدار طالب حسین نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر کئی افراد کی جان بچائی۔ طالب حسین کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انسداد دہشت گردی کیلئے پوری قوم متحد ہے۔