قوم کا اعتماد اصل اثاثہ ہے، بھاگتے دہشت گردوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی: آرمی چیف
راولپنڈی (آئی این پی+ صباح نیوز) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے مٹھی بھر دہشت گرد اب فرار کی راہ پر ہیں مگر انہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، دہشت گردوں کی مالی مدد کرنے‘ سہولت کاروں اور مدد گاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے یہ بات عیدالفطر کے روز شمالی اور جنوبی وزیرستان میں فوجی جوانوں اور افسروں سے ملاقاتوں کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔ آرمی چیف نے عید کی نماز بھی فوجی جوانوں کے ہمراہ ادا کی اور چاند رات قیام بھی وہیں کیا۔ اپنے خطاب میں چیف آف آرمی سٹاف نے کہا ضرب عضب آپریشن میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے مادر وطن کی حفاظت کیلئے اپنے گھروں اور رشتے داروں سے دور رہنا قابل ستائش فوجی روایت ہے۔ پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ قوم کا پاک فوج پر اعتماد ہمارا اصل اثاثہ ہے ہم قوم کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔ آرمی چیف کو ضرب عضب آپریشن پر بریفنگ دی گئی جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا جبکہ نقل مکانی کرنے والے متاثرین کی واپسی کے عمل پر بھی آرمی چیف کو بریف کیا گیا۔ بعدازاں بنوں میں آرمی چیف نے ضرب عضب آپریشن شروع ہونے کے بعد نقل مکانی کرنے والے لوگوں اور عمائدین سے ملاقاتیں کیں اور کہا کہ پاکستان کے دفاع کی خاطر ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاک فوج کے آپریشن کے نتیجے میں امن قائم ہوا ہے اور متاثرین کی واپسی کا عمل جاری ہے۔ اس موقع پر عوام نے چیف آف آرمی سٹاف اور پاک فوج کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ آرمی چیف نے متاثرین شمالی وزیرستان کے ساتھ عید منانے کیلئے بکا خیل کیمپ کا دورہ کیا جہاں پر اُنہوں نے قبائلی مشران اور بچوں کے ساتھ عید منائی اور ان سے گلے ملے، متاثرین کے بچوں میں عید گفٹ تقسیم کیے اور اُن کے ساتھ روایتی کھانا کھایا۔ متاثرین سے خطاب میں اُن کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے راحیل شریف نے کہا حکومت اور پاک فوج کی ہر ممکن کوشش ہے متاثرین شمالی وزیرستان کو جلد از جلد بحفاظت اپنی علاقوں کو واپس بھیجا جائے شمالی وزیرستان میں اُنہوں نے آپریشن ضرب عضب میں حاصل ہونے والی کامیابیوں اور غیر معمولی پیش رفت پرپاک فوج کے جوانوں اور متاثرین شمالی وزیرستان کی ملکی سلامتی کیلئے دینے والی قُربانیوں کو سراہا اور کہا دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کو پوری قوم کی حمایت ہے جو ہمارے لیے سب سے بڑا اثاثہ ہے ہم انشاء اللہ اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اُنہوں نے پاک فوج کے شہدائ، زخمیوں اور امن کی خاطرگھر بار چھوڑنے والے متاثرین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ان قربانیوں کو تاریخ کے اوراق میں سنہرے الفاظ سے رقم کیا جائے گا دہشت گرد وں کو سر چھپانے کیلئے جگہ نہیں ہے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ صباح نیوز کے مطابق آرمی چیف نے کہا جو بھی مشن سونپا جائے گا، انشاء اللہ پاک فوج اسے پورا کرنے میں کسی صورت بھی قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔ ساری توجہ دہشت گردوں کی مالی مدد کرنے والے، سہولت کاروں اور مددگاروں پر ہے۔ آرمی چیف نے متعلقہ اداروں کو آئی ڈی پیز کی جلد واپسی اور ترقیاتی کاموں کو بروقت مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔