• news

ترکی: داعش کا خودکش حملہ،30 جاں بحق:عراق میں کار بم دھماکہ،120 مارے گئے

انقرہ+ بغداد + اسلام آباد+ لاہور (نیوز ایجنسیاں+ سٹاف رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) عراق، ترکی میں بم دھماکے اور خودکش حملے میں بچوں سمیت 150افراد جاں بحق 23 سے زائد زخمی ہو گئے۔ داعش نے ذمہ داری قبول کرلی۔ شام کے شہر کوبانی کے قریب قصبہ ’’سوروچ‘‘ کے آمارا کلچرل سینٹر کے باغیچے میں خودکش دھماکہ ہوا، 30 جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے وقت سینٹر میں کوبانی کی تعمیر نو کیلئے نوجوانوں کی ایسوسی ایشن کے 300 ارکان کا وفد موجود تھا۔ وزیراعظم احمد دائود اوگلو نے بتایا ہے کہ ابتدائی شواہد اور انکوائری سے معلوم ہوتا ہے کہ ’’دولت اسلامیہ‘‘ ملوث ہے۔ رکن پارلیمنٹ پروین بلدان نے بتایا کہ ترک اور کردش نوجوان یہاں کوبانی جانے کیلئے آئے تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے مذمتی بیان میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا دکھ کی اس گھڑی میں ترکی کی حکومت اور عوام کے ساتھ اور ہر قسم کی دہشت گردی کیخلاف ہیں۔ ترک صدر طیب اردگان نے کہا دھماکہ دہشت گردی ہے۔ ترجمان وائٹ ہائوس نے کہا داعش کے حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ ادھر بغداد کے شمالی شیعہ اکثریتی علاقے خان بنی سعد میں کار بم دھماکے میں 120افراد مارے اور 130زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق لوگ عید منا رہے تھے دھماکہ ہو گیا۔ داعش کے ترجمان نے دعویٰ کیا کار میں 3ٹن وزنی بم نصب تھا متعدد عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ بعض لوگ سبزی کے ڈبوں میں بچوں کی نعشوں کے ٹکڑے اکٹھے کرتے رہے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ امریکہ سمیت عالمی برادری نے مذمت کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن