10 خودکشیاں : صفدر آباد میں خاوند سے جھگڑے پر خاتون نے بیٹے سمیت زندگی ختم کرلی
لاہور +صفدر آباد + فیصل آباد + وزیر آباد (نامہ نگاران + نمائندہ خصوصی) صفدر آباد، فیصل آباد، وزیر آباد وغیرہ میں ماں بیٹے سمیت 10 افراد نے زندگی ختم کرلی۔ صفدرآباد کے محلہ بلال کالونی میں خاوند سے جھگڑے پر ماں نے اپنے دو بچوں سمیت زہر کھا لیا۔ ماں اور بچہ میو ہسپتال میں دم توڑ گئے ۔ بچی کی حالت تشویشناک ۔محلہ بلال کالونی کی مافیہ بی بی کو اس کا خاوند سلیم آوارگی سے منع کرتا تھا جس کی وجہ سے ہر وقت گھر میں لڑائی جھگڑا ہوتا تھا گزشتہ روز بھی مافیہ بی بی اور سلیم کے درمیان جھگڑا ہوا اسی وجہ سے طیش میں آ کر مافیہ نے اپنے بچوں 10 سالہ دانش اور 12سالہ ماریہ کے ساتھ زہر کھا لیا جسے فوری طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہسپتال شیخوپورہ لے جایا گیا خطر ناک حالت کے پیش نظر مافیہ بی بی اور اس کے دونوں بچوں کو میو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا جہاں مافیہ بی بی اور دانش دم توڑ گئے جبکہ ماریہ کی حالت ابھی تک تشویشناک بتائی جاتی ہے صفدرآباد پولیس نے ضروری کاروائی شروع کر دی ۔ علاوہ ازیں شفیق آباد کے علاقہ میں 4 ماہ کی حاملہ نرس نے خاوند سے جھگڑے کے بعد 3 منزلہ عمارت سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ 21 سالہ ارم شہزادی اپنے خاوند دائود خان کے ہمراہ شفیق آباد میں ماموں سسر کے گھر گئی جہاں دونوں میاں بیوی میں لڑائی ہوگئی جس پر ارم نے عمارت سے نیچے چھلانگ لگادی اور موقع پر دم توڑ گئی۔ متوفیہ 4 ماہ کی حاملہ تھی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کردیا۔ علاوہ ازیں گھریلو جھگڑے، غربت پر فیصل آباد، پیر محل، چشتیاں، سمبڑیال، ڈسکہ اور وزیر آباد میں خاتون سمیت 7 افراد نے زندگی ختم کرلی۔ فیصل آباد میں مصطفی آباد گلی نمبر2 کے 25 سالہ غلام حسین نے گھریلو جھگڑے پر دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں۔ پیر محل میں درکھانہ روڈ پر واقع گائوں 688/28 گ ب کے 22 سالہ نوجوان غلام عباس نے مبینہ طور پر گھریلو جھگڑا سے دلبرداشتہ ہوکر زہریلی گولیاں نگل لیں۔ چشتیاں کے نواحی علاقہ نورپورہ کالونی کے 55 سالہ شخص نے بے روزگاری اور غربت سے تنگ آکر ریلوے سٹیشن کے پل کے ساتھ گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔ سمبڑیال میں عید کے تیسرے روز گھریلو ناچاقی پر 3 بیٹیوں کے باپ نے پھندا لیکر زندگی سے ’’منہ موڑ‘‘ لیا۔ ماڈل تھانہ سمبڑیال کے موضع ملکھانوالہ میں 45سالہ محمد نواز نے مبینہ طور پر گھریلو رنجش پر دلبرداشتہ ہوکر کمرے میں پنکھے سے پھندا لیکر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ وزیرآباد میں 19 سالہ انجینئر طالبعلم نے زہریلی گولیاں کھا لیں۔تھانہ صدر کے علاقہ بھٹیکے کے ظہور علی کا 19 سالہ بیٹا ذوالکفل عرف صابی نے عید کی شاپنگ کیلئے والد ین سے پیسے مانگے، نہ ملنے پر زہریلی گولیاںنگل لیں۔موضع ڈسکہ کی خاتون (ن) سے خاوند کیساتھ جھگڑا پر زہریلی گولیاں نگل لیں۔ موضع گوجرہ کے محمد اسماعیل کا 22 سالہ بیٹا مشرف جو ذہنی طور پر تندرست نہ تھا ہیڈ بمبانوالہ اپر چناب نہر کے قریب پہنچے تو نوجوان مشرف نے نہر میں چھلانگ لگادی۔