• news

خضدار، آواران : کالعدم تنظیم کے 3 کمانڈروں سمیت کئی دہشت گرد ہلاک: صوابی، ایلیٹ فورس کا ایس پی شہید

کوئٹہ، پشاور (بیورو رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) خضدار اور آواران میں ایف سی اور حساس ادارے کے اہلکاروں کے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے 3 اہم کمانڈروں سمیت متعدد دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں فورسز کے کیمپ پر حملے میں جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ضلع صوابی کے گائوں سلیم خان میں عید کی صبح موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے باعث ایلیٹ فورس کے ایس پی شہید ہو گئے۔ ایس پی خیر الخطیب کو 3 سال پہلے ایلیٹ فورس میں تعینات کیا گیا تھا۔ وزیراعظم نواز شریف نے ایس پی خیر الخطیب کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق خضدار اور آواران میں دہشت گردوں کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا اس دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے 3 اہم کمانڈروں سمیت 9 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق ہلاک ہونے والے کمانڈر ایف ڈبلیو او کے 44 اہلکاروں سمیت سانحہ تربت اور سانحہ مستونگ میں ملوث تھے۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں نے مختلف واقعات میں 40 سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتارا تھا۔ دریں اثناء ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن میں سیکورٹی فورسز کے کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا، جوابی کارروائی کے نتیجہ میں تین دہشت گرد ہلاک جبکہ ایلیٹ پولیس اہلکار امیر نواز شہید ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ڈی آئی خان کی تحصیل درابن میں واقع سکیورٹی فورسز کیمپ پر گزشتہ رات دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ دہشت گروںکی جانب سے کیمپ پر راکٹ داغے گئے جو ارد گرد گرے، بعد میں سکیورٹی فورسز اور ایلیٹ پولیس فورس کا دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ فائرنگ کے تبادلہ میں ایلیٹ پولیس کا اہلکار امیر نواز بھی جاں بحق ہوا۔ ادھر صوابی پولیس کے ترجمان لیاقت علی نے بتایا کہ ایلیٹ فورس کے ایس پی خیرالخطیب ہفتہ کو صبح کے وقت مسجد میں نماز ادا کر کے گھر جارہے تھے کہ اس دوران ان پر حملہ موٹر سائیکل سواروں نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسر خیر الخطیب بنوں میں تعینات تھے اور وہ عید منانے کیلئے اپنے آبائی گاؤں صوابی آئے تھے۔ واقعہ کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ اور آس پاس کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا اور بعض مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ شہید ہونے والے پولیس افسر تین سال پہلے فوج سے ریٹائر ہونے کے بعد انہیں ایلیٹ فورس میں تعینات کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نواز شریف نے ایلیٹ پولیس فورس کے سپرنٹنڈنٹ خیر الخطیب کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم نے سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں ٹانک اور لوئرکرم ایجنسی میں دہشتگردی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو بم ناکارہ بنا دئیے گئے۔ ادھر لوئر کرم ایجنسی میں بھی سکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کی کوشش ناکام بنادی صدہ کے علاقے پیر قیوم میں پانچ کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا۔ علاوہ ازیں آواران کے علاقے میں سکیورٹی فورسز حساس اداروں کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا۔ علاوہ ازیں سکیورٹی خدشات کی بنا پر بولان کے تمام پکنک پوائنٹس بند کر دیے گئے بلوچستان بھر سے بولان پکنک منانے کیلئے آنیوالوں کو لیویز چیک پوسٹ کولپور سے واپس کردیے گئے بولان کے پکنک پوائنٹس کے تمام راستے سیل کر دیے گئے ہیں۔ بولان میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے لیویز فورس کو الرٹ کرکے گشت و اضافی چیک پوسٹیں لگائے گئے ہیں۔ پنجگور میں کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں انسپکٹر جنرل ایف سی بلوچستان میجر جنرل شیر افگن نے کہا ہے کہ ایف سی دہشتگرد اور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کے لئے ہمہ وقت تیار ہے عوام کے تعاون سے بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا دہشت گردوں کی سرکوبی کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے خضدار، آواران اور مشکے میں تعینات ایف سی اہلکاروں سے عید کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ آئی جی ایف سی نے صوبے میں امن وامان کی بحالی کے لیے ایف سی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی بحالی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ مزید برآں صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور میر سرفراز خان بگٹی نے عیدالفطر کے موقع پر بلوچستان بھر میں امن و امان کی صورتحال بہتر رہنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایف سی، پولیس اور سکیورٹی فورسز کے تمام جوانوں کی خدمات کو سراہا ہے۔ ادھر ٹانک میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 2 بھائیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

ای پیپر-دی نیشن