• news

بلدیاتی انتخابات : پنجاب اور سندھ میں الیکشن کمشن آج غیر حتمی انتخابی فہرستیں آویزاں کریگا

اسلام آباد (اے پی پی) الیکشن کمشن آف پاکستان پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں آج منگل 21 جولائی سے عبوری انتخابی فہرستیں آویزاں کرے گا۔ اس سلسلہ میں الیکشن کمشن آف پاکستان کی طرف سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق انتخابی فہرستیں رجسٹریشن آفیسرز اور اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسرز کے دفاتر میں 7 دن تک رکھی جائیں گی۔ انتخابی فہرستوں کو آویزاں کرنے کا مقصد ان میں غلطیوں کی درستگی کرنا اور اعتراضات کو دور کرنا ہے۔ پنجاب اور سندھ میں 20 ستمبرکو مقامی حکومتوں کے انتخابات منعقد ہونے ہیں اور جن شہریوں کے نام انتخابی فہرستوں میں شامل نہیں، وہ اس کی نشاندہی کر سکتے ہیں۔ اسی طرح جن کے نام غلط طور پر شامل کئے گئے ، اس پر بھی اعتراض داخل کرایا جا سکتا ہے۔ الیکشن کمشن نے سندھ اور پنجاب میں رائے دہندگان سے کہا ہے کہ وہ انتخابی فہرستوں میں اپنا نام چیک کر کے کسی غلطی کی صورت میں تصحیح کرا سکتے ہیں۔ خیبر پی کے ، کنٹونمنٹ کے علاقوں اور اسلام آباد میں یہ عمل پہلے ہی انجام دیا جا چکا ہے۔
انتخابی فہرستیں

ای پیپر-دی نیشن