جنرل راحیل قوم کی آخری امید، عوام پاک فوج سے بہت خوش ہیں: نبیل گبول
کراچی (آئی این پی) پیپلز پارٹی کے سابق رہنما نبیل گبول نے الزام عائد کیا ہے کہ سندھ حکومت کے 80فیصد وزراءکرپشن میں ملوث ہیں جن میں وزیر اطلاعات شرجیل میمن بھی شامل ہیں جبکہ صوبائی وزیر جاوید ناگوری نے جنوبی افریقہ سے ٹارگٹ کلر منگوا رکھے ہیں‘ عزیر بلوچ نے پشاور میں اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے جب وہ منظر عام پر آئے گا تو سنسنی خیز انکشافات ہونگے‘ چیف آف آرمی سٹاف پوری قوم کی آخری امید ہیں ‘ جنرل راحیل شریف ‘ کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز سے سندھ اور کراچی کے عوام مطمئن ہیں اور ان کی کوششوں سے کراچی کا امن بحال ہو رہا ہے۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں نبیل گبول نے انکشاف کیا کہ ان کی مصدقہ اطلاعات کے مطابق عزیر بلوچ کو پاکستان لایا جاچکا ہے اور پشاور میں اس نے تین گھنٹے کا ایک بیان بھی ریکارڈ کرا دیا ہے جب یہ بیان منظر عام پر آئے گا تو ایسے انکشافات ہونگے کئی لوگوں کو شکل دکھانا مشکل ہوجائے گا۔ سید قائم علی شاہ شریف آدمی ہیں اور انہیں مجبور کرکے غلط کام کرائے جارہے ہیں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف رینجرز کی کارروائیاں درست ہیں رینجرز نے پہلے لیاری میں امن کے لئے آپریشن کیا اور اب کراچی کے دیگر علاقوں میں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں عوامی آدمی ہوں اور عوام اس وقت پاک فوج سے بہت خوش ہیں۔
نبیل گبول