نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن کی عید ملن ، علی گیلانی نہیں آئے: بھارت سے خوشگورا تعلقات چاہتے ہیں: پاکستانی ہائی کمشنر: کشمیر کے بغیر مذاکرات پائیدار نہیں ہونگے: میر واعظ
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستانی ہائی کمیشن نئی دلی میں عید ملن پارٹی میں حریت رہنمائوں نے شرکت کی جس میں میر واعظ عمر فاروق بھی شامل تھے۔ پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے حریت رہنمائوں کا استقبال کیا۔ عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان استصواب رائے کیلئے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا، امید ہے دونوں ملکوں کے رہنما جلد ملاقات کرینگے اور باہمی مسائل حل کرینگے۔ امید ہے دونوں ممالک بہت جلد مخالفت چھوڑ کر باہمی تعاون کی راہ اختیار کرینگے، سرینگر سے نئی دلی آنے پر میر واعظ عمر فاروق کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہورں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں۔ چاہتے ہیں پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام اہم معاملات پر بات چیت ہو۔ وزیراعظم نواز شریف دونوں ملکوں کے درمیان امن کیلئے پرعزم ہیں۔ پاکستان بھارت مذاکرات کیلئے مناسب ماحول پایا جاتا ہے جسے مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اوفا اجلاس کے خوشگوار ماحول کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔ امید ہے ہم نئی شروعات کر سکتے ہیں۔ میرے خیال میں بھارت میں کسی کو پاکستان ہائی کمیشن میں کشمیری رہنمائوں کی آمد پر کوئی تحفظات نہیں۔ حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ کشمیر کا معاملہ کور ایشو ہے، پاکستان بھارت مذاکراتی عمل کو سپورٹ کرینگے۔ کشمیر پر پاکستان بھارت مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں۔میرواعظ عمر فارو ق نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاک بھارت مذاکرات کا عمل پائیدار نہیں ہوسکتا۔ پاکستانی ہائی کمشن ہمیں رمضان میں افطار اور دیگر مواقع پر بھی مدعو کرتا ہے، ہم یہاں اس نقطہ نظر سے آئے ہیں کہ اپنا مؤقف بتائیں۔ آئی این پی کے مطابق ہائی کمشنر عبد الباسط نے کہاہے کہ اوفا میں وزیراعظم نوازشریف اور بھارتی ہم منصب کے درمیان ملاقات تعلقات کی بحالی کیلئے اچھی شروعات ہیں، پاکستان اس مثبت جذبے کو برقراررکھنے کیلئے پر عزم ہے، آنے والے دنوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازع، تعاون میں تبدیل ہوجائیگا، ہماری دعا ہے کہ یہ خواب جلد حقیقت کاروپ دھارے، دونوں ممالک کو تنازعات دوطرفہ مذاکرات سے حل کرنے چاہئیں، نوازشریف کی قیادت میں پاکستان بھارت کے ساتھ تعلقات کوفروغ دینا چاہتاہے اور ہماری دعا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں۔ عید ملن پارٹی میںدہلی جامع مسجد کے پیش امام سید بخاری اور عام آدمی پارٹی کے رہنماء الیاس اعظمی سمیت دیگر نے شرکت کی۔