علاقائی استحکام اور افغان مذاکرات میں پاکستانی کردار قابل تحسین ہے: عسکریت پسندی کیخلاف اور توانائی کے حصول میں پاکستان کی مدد کرینگے: امریکی نائب وزیر خارجہ
واشنگٹن (نمائندہ خصوصی + آن لائن) وزیراعظم نواز شریف کے خصوصی معاون برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے امریکہ کے نائب وزیر خارجہ ٹونی بلنکن سے واشنگٹن میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ پاکستان وزارت خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ملاقات میں واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی اور امریکہ کے پاکستان اور افغانستان کیلئے خصوصی نمائندے ڈین فیلڈ مین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات میں بہتری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان رابطوں سے معیشت، علاقائی استحکام اور انسداد دہشت گردی سے متعلق معاملات پر دوطرفہ تعاون مضبوط ہوا ہے۔ طارق فاطمی نے پڑوسی ممالک بشمول افغانستان اور بھارت سے اچھے تعلقات استوار کرنے سے متعلق وزیراعظم نواز شریف کی پالیسی کے بارے میں بھی امریکہ کے نائب وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ طارق فاطمی نے افغان سرحد سے ملحقہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کیخلاف جاری آپریشن کے بارے میں بھی اعلیٰ امریکی عہدیداروں کو آگاہ کیا۔ انہوں نے علاقائی امن اور معاشی استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت پر امریکہ کا شکریہ ادا کیا۔ ٹونی بلنکن نے خطے میں استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا اور اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ اس ضمن میں وزیراعظم نواز شریف کی کوششیں امن و خوشحالی کا سبب بنیں گی۔ ٹونی بلنکن نے اس امر کا اعادہ کیا کہ توانائی کے حصول میں اور عسکریت پسندی کیخلاف پاکستان کی خصوصی طور پر مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات اور علاقائی استحکام میں پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے۔ آن لائن کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات پر اظہار خیال کیا گیا۔ طارق فاطمی نے بلنکن کو وزیر اعظم نواز شریف کی بھارت اور افغانستان سمیت تمام پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات استوار رکھنے کی پالیسی سے آگاہ کیا۔امریکی نائب وزیر خارجہ نے کہا خطے میں پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے۔ اے این این کے مطابق امریکہ نے یقین دلایا ہم افغانستان میں امن برقرار رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، ہم وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے اٹھائے گئے علاقائی امن و استحکام کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، امید ہے ان اقدامات کی بدولت نہ صرف پاکستان کے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئے گی بلکہ خطے میں امن اور خوشحالی آئے گی۔ امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق طارق فاطمی اور ٹونی بلنکن ملاقات میں فریقین نے پاکستان امریکہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح پر رابطے دو طرفہ تعلقات میں بہتری، معاشی استحکام، علاقائی امن استحکام اور انسداد دہشتگردی کا باعث بنیں گے۔ طارق فاطمی نے کہا پاکستان بھارت اور افغانستان سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ مضبوط دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پرامن بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔ طارق فاطمی نے ٹونی بلنکن کو موجودہ حکومت کی جانب سے دو سال کے دوران اقتصادی بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور حکومت کے معاشی ایجنڈے پر بریفنگ دی۔ طارق فاطمی نے امریکی نائب وزیر کو قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں سے بھی آگاہ کیا اور کہا پاکستان اپنی سرزمین کو دہشتگردوں اور انتہا پسندوں سے پاک کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ ٹونی بلنکن نے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔