• news

بھارت میں بارشوں اور سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی، 22 افراد ہلاک، سینکڑوں بے گھر

جھارکھنڈ/کیرالہ (آئی این پی)بھارت کی ریاستوں مدھیہ پردیش اور جھارکھنڈ میں گزشتہ دو دنوں سے مسلسل بارش کی وجہ سے 22 افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور بہت سے لوگوں کے سیلاب میں پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ سینکڑوں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ بارشوں کی وجہ سے ریل اور سڑکوں پر آمدورفت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے قریب سیہور ضلع میں دس افراد بارش کے پانی میں بہہ گئے۔ اب تک آٹھ نعشوں کو نکالا جا چکا ہے۔ مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے مرنے والوں کے خاندان والوں سے ملاقات کی اور انھیں دو دو لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ریاست کے تمام اضلاع میں انتظامیہ کو تیار رہنے کی ہدایات بھی دی ہیں۔ دوسری جانب اجین اور اندور اضلاع میں بارشیں اب بھی جاری ہیں جس سے زندگی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ ریاست کے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر انوپم کشپ نے کہا ہے کہ اندور، اجین، ہوشنگ آباد اور ہردا کے اضلاع میں اگلے 24 گھنٹوں میں شدید بارش کا خدشہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن