بلدیاتی الیکشن: پنجاب 40 لاکھ، سندھ میں 14 لاکھ نئے ووٹرز کا اندراج، ابتدائی انتخابی فہرستیں آویزاں
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کیلئے پنجاب اور سندھ میں انتخابی فہرستوں کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔ پنجاب اور سندھ میں انتخابی فہرستیں آویزاں کر دی گئی ہیں۔ پنجاب میں 40 لاکھ اور سندھ میں 14 لاکھ نئے ووٹرز کا اندراج کیا گیا ہے۔ پنجاب میں ایک لاکھ 36 ہزار ووٹ منسوخ کئے گئے۔ سندھ میں 21 ہزار 782 ووٹ منسوخ کئے گئے۔ انتخابی فہرستیں 27 جولائی تک آویزاں رہیں گی۔ ابتدائی انتخابی فہرستوں کی تصدیق کیلئے صوبہ سندھ اور پنجاب کے تمام اضلاع میں ڈسپلے سنٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں لوگ قومی شناختی کارڈ کے ہمراہ اپنے علاقے کے ڈسپلے سنٹرز پر جاکر قومی شناختی کارڈ کے ذریعے اپنے ووٹ کا اندراج، کسی غیر متعلقہ ووٹ کا اخراج اور کوائف کی درستگی وغیرہ کروا سکتے ہیں۔ لوگ اپنے ووٹ کی تصدیق کیلئے اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8300 پر میسج کے ذریعے اپنے ووٹ کی تصدیق کر سکتے ہیں۔ صباح نیوز کے مطابق پنجاب میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 3 لاکھ 59 ہزار 334 اور سندھ میں 2 کروڑ 3 لاکھ 63 ہزار 375 ہوگئی۔