سیلاب کی ذمہ دار مسلم لیگ ن ہے، خطرات سے بچنے کیلئے کالا باغ ڈیم بنایا جائے: عمران
اسلام آباد (آن لائن + نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چترال میں سیلابی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خیبر پی کے انتظامیہ کو چترال میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کر دی اور کہا ہے کہ ملک میں سیلاب کی ذمہ دار مسلم لیگ ن ہے‘ بروقت اقدامات کئے جاتے تو اتنی بڑی تباہی نہ ہوتی۔ عمران خان نے اپنے ایک بیان کہا کہ سیلاب سے چترال کی صورت حال انتہائی خراب ہوگئی ہے، متاثرین مشکلات سے دوچار ہیں، کھانے پینے کی اشیاء ناپید ہوگئی ہیں۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور صوبائی وزراء چترال میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے فوری پہنچیں اور ان کو ہر ممکن امداد فراہم کریں۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگا کر ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں پانی کے ذخائر نہ بنا کر عوام کو سیلاب کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔ ہر سال سیلاب سے تباہی آتی ہے اور ہزاروں لوگوں کو جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہوتی،کسی نے ملک میں ڈیمز بنانے کی پالیسی اختیار نہیں کی، کالاباغ ڈیم بن جائے تو تمام خطرات سے بچا جا سکتا ہے اور بجلی کے بحران سے بھی نکلا جا سکتا ہے لیکن تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے مفاد کی خاطر کالا باغ ڈیم کو نظر انداز کررکھا ہے، کسی کو ملک اور عوام سے کوئی غرض نہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی غلطیوں کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چترال کی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے وفاقی حکومت تعاون کرے۔ تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات فیصل جاوید نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان (آج) بدھ کو اپنے دورہ پشاور کے دوران صوبے میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیں گے، آرمی پبلک سکول کے شہید بچوں کے والدین سے ملیں گے، خیبر پی کے میں صحت مسائل بارے پریس کانفرنس کریں گے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ کور کمانڈر کا چترال کا دورہ کرنے پر شکرگزار ہیں۔ چترال کیلئے 14 کروڑ روپے جاری کردیئے ہیں۔ آج موسم صاف ہوا تو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ چترال جائوں گا۔ دس کروڑ روپے سڑکوں اور راستوں کی فوری مرمت کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ چار کروڑ روپے واٹر سپلائی، اریگیشن سکیموں کی بحالی پر خرچ ہوں گے۔ پرویز خٹک نے بتایا ہے کہ ان کی کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ بات چیت میں پاک فوج اور خیبر پی کے حکومت اور وفاقی حکومت کی جانب سے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے مربوط کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔