• news

لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈینگی کی وبا پھیلنے کا خطرہ: اندرون شہر کی 284 عمارتیں حساس

لاہور (کامرس رپورٹر+نامہ نگار ) مون سون کی بارشوں کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں ڈینگی کی وباء پھیلنے کا خطرہ پیدا ہو گیا۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں سرولینس کیلئے ٹیمیں نہیں پہنچ سکیں جبکہ سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسیز اور آئوٹ ڈور میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے کائونٹر بھی قائم نہیں ہو سکے۔ عید کے روز سے شروع ہونے والی بارشوں کے باعث سرکاری ہسپتالوں میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہے جس سے ہسپتالوں میں بھی بڑے پیمانے پر ڈینگی مچھر کی افزائش کا امکان ہے۔ شہر کے بیشتر علاقوں نشتر، چونگی امر سدھو، مزنگ، راوی روڈ، کوٹ لکھپت، اقبال ٹائون، لارنس روڈ کے بیشتر علاقوں میں سرولینس ٹیمیں نہیں پہنچ سکیں۔ میو، جنرل، سروسز، شاہدرہ سمیت دیگر ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے بنائے گئے ایچ ڈی یوز بھی فعال نہیں ہوسکے۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ لاہور، شیخوپورہ، راولپنڈی سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع کو ڈینگی وباء کے حوالے سے حساس قرار دیا گیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے ڈینگی کی روک تھام اور بچائو کیلئے تمام محکموں کے افسران کو ڈینگی کی روک تھام کیلئے اقدامات کو عید کی چھٹیوں میں جاری رکھنے کے احکامات جاری کے تھے اور ای ڈی او لاہور کو ملازمین کے ڈیوٹی روسٹر بنانے کا حکم دیا تھا جن پر بھی عمل نہیں کیا جاسکا۔ لاہور پولیس نے اندرون شہر میں واقع 284 عمارتوں کو خستہ حال قرار دیکر والڈ سٹی اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کو مطلع کردیا۔ پولیس نے بارشوں کے پیش نظر اندرون شہر سروے کیا جس کے مطابق 284 عمارتوں کو خستہ حال قرار دیا گیا۔ پولیس نے موقف اختیار کیا کہ مون سون کا سلسلہ شروع ہوچکا، یہ عمارتیں اپنی مدت معیاد پوری کرچکی ہیں، بارشوں کے باعث ان کے گرنے کا خدشہ ہے، ان عمارتوں کے مکینوں سے عمارتیں خالی کرا کر انکی مرمت کرائی جائے تاکہ انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔

ای پیپر-دی نیشن