پاکستان سری لنکا کے درمیان چوتھا ون ڈے آج ہوگا، سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے: اظہر علی، مقابلہ کے لئے تیار ہیں: اینجلو میتھیوز
لاہور (نمائندہ سپورٹس )پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا چوتھا میچ کل کھیلا جائے جہاں پاکستانی ٹیم میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کیلئے بھی پرعزم ہے۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن دو بجے کھیلا جائے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آ ج بارش کا بھی امکان ہے ۔اب تک دورہ سری لنکا میں سوائے ایک ٹیسٹ سیشن کے پاکستانی ٹیم کی غیر متوقع طور پر مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرتی نظر آئی ہے جس نے ٹیسٹ سیریز میں 2-1 سے فتح کے بعد ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھی 2-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔پاکستان کے لیے یہ فتح اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ سیریز میں کامیابی کی صورت میں پاکستانی ٹیم 2017 چیمپیئنز ٹرافی میں رسائی کے امکانات بھی روشن کر لے گی۔ کپتان اینجلو میتھیوز باؤلرز کی خراب کارکردگی سے سخت نالاں نظر آتے ہیں جہاں تینوں ہی میچوں میں پاکستانی بلے باز سری لنکن باؤلنگ مکمل طور پر حاوی نظر آئے۔سری لنکا کا سب سے اہم ہتھیار لاستھ ملنگا ان دنوں خراب فارم کا شکار ہیں جبکہ بقیہ باؤلرز بھی کچھ خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام نظر آئے ہیں۔اس کے ساتھ بیٹنگ میں اجتماعی کارکردگی کے بجائے مستقل انفرادی کارکردگی دیکھنے میں نظر آ رہی ہے اور کھلاڑی بحیثیت یونٹ پرفارم کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔دونوں ٹیموں کا جائزہ لیا جائے تو اب تک کی کارکردگی کی بنیاد پر میچ میں پاکستان کی جیت کے روشن امکانات نظر آتے ہیں۔میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں اور ممکنہ طور پر تیسرے میچ کی فاتح الیون کو برقرار رکھا جائے گا۔دوسری جانب سری لنکا آل راؤنڈر تھسارا پریرا کوباہر بٹھا سکتا ہے جن کی کارکردگی سے خود کپتان بھی نالاں نظر آ تے ہیں جبکہ ان کی جگہ کسی سپنر کو موقع دیے جانے کا امکان ہے۔سری لنکن حکام نے تیسرے ایک روزہ میچ میں شائقین کی سٹینڈز میں ہلڑ بازی اور سٹیڈیم کے باہر پتھرائو کے بعد سٹیڈیم کے اندر اور باہر سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔چوتھے میچ کے دوران سٹیڈیم کے اندر اورباہر فورسز کے مزید سکواڈ تعینات کئے جائیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹا جاسکے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہرعلی نے کہاہے کہ چوتھا میچ جیتنے کیلئے کھلاڑی پرعز م ہیں ۔ مثبت کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرینگے ۔ ہم سب میں ہم آہنگی بڑھ رہی ہے اور وننگ کمبی نیشن میں ڈھل رہے ہیں۔ سینئراور جونیئر کھلاڑیوں کی وجہ سے ٹیم اچھا پرفارم کررہی ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ سیریز جیت کر چیمپئنز ٹرافی کیلئے کوالیفائی کریں ۔ ہمارا پہلا ٹارگٹ سیریز جیتنا ہے ۔ سری لنکن ٹیم نے دوسرے میچ میں کم بیک کیا تھا ہم انہیں آسان نہیں لیں گے ۔ سری لنکن کپتا ن اینجلو متیھیوز نے کہا کہ ٹیم میں تمام کے تمام کھلاڑی نئے نہیں کھلاسکتے ۔ سینئر کھلاڑی اچھاکھیل رہے ہیں ۔لاستھ مالنگا‘لہیرو تھریمانے اور دیگر کھلاڑی کافی میچ کھیل چکے ہیں انہیں کوئی تجربے کی ضرورت نہیں ۔ سب کو اپنی ذمہ داری سمجھنی ہوگی ۔ چوتھا میچ ہمارے لئے بہت اہم ہے اگر شکست ہوگئی تو سیریز بھی ہار جائیں گے ۔ ہماری کوشش ہوگی کہ کم بیک کرتے ہوئے سیریز برابر کریں ۔کھلاڑیوں کو حکمت عملی سے آگاہ کردیااور آج مقابلہ کیلئے تیار ہیں ۔