• news

بھارتی کھیل دشمنی، پروفیشنل کبڈی لیگ میں 2 پاکستانی کھلاڑیوں کو مقابلوں سے باہر کر دیا

لاہور(آئی این پی) بھارتی کھیل دشمنی ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گئی، پروفیشنل کبڈی لیگ 2015 کے ساتھ معاہدہ کرنیوالے 2 پاکستانی کھلاڑیوں کو ممبئی اور پونے میں ہونے والے مقابلوں سے باہر کر دیا گیا۔منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سیکیورٹی خدشات اور ٹورنامنٹ کو کسی بد مزگی سے بچانے کے پیش نظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا۔تفصیلات کے مطابق 18 جولائی کو شروع ہونے والی کبڈی لیگ میں جاپان، جنوبی کوریا، کینیا، نیپال، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے ٹاپ انٹرنیشنل کھلاڑی شریک ہیں، افتتاحی میچ میں ممبئی فرنچائز کی’’یو ممبئی‘‘ نے دفاعی چیمپئن جے پور پنک پینتھرز کو 28-29 سے شکست دی تھی۔پروکبڈی 2015 کے منتظمین نے تحریری بیان میں نجی ٹی وی کو بتایا کہ ان کی تنظیم پاکستانی کھلاڑیوں کو ممبئی اور پونے میں ہونے والے میچوں میں نہیں کھلائے گی۔ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سیکیورٹی خدشات اور ٹورنامنٹ کو کسی بد مزگی سے بچانے کے پیش نظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا، تاہم انھوں نے وضاحت نہیں کی کہ دراصل کس قسم کے ’’سیکیورٹی خدشات‘‘ لاحق ہیں۔ رواں برس دونوں پاکستانی کھلاڑیوں نے پٹنہ فرنچائز کی ’’پٹنہ پائریٹس‘‘ کے ساتھ معاہدہ کر رکھا تھا۔ وسیم سجاد نے 2014 کے افتتاحی سیشن سے اپنا ڈیبیو کیا تھا۔ ناصر علی ہیں، جن کا پرو کبڈی لیگ میں ڈیبیو ہونا تھا، تاہم ممبئی میچ میں اب ان کو یہ موقع نہیں مل پائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن