• news

بوریوالا: نیم پاگل شخص نے 2 کمسن بیٹے کنویں میں پھینک دئیے، ایک جاں بحق

بوریوالا (نامہ نگار) سفاک نیم پاگل باپ نے دو کمسن بیٹوں کو کنویں میں پھینک دیا، ایک بیٹا جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا جس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نواحی گائوں 519ای بی کے رہائشی محنت کش محمد افضل نامی محنت کش جس کا ذہنی توازن درست نہیں بتایا جاتا ہے، گزشتہ روز وہ اپنے دونوں حقیقی بیٹوں 8 سالہ فیضان اور 5 سالہ رضوان کو اٹھا کر باہر کھیتوں کی جانب لے گیا اور وہاں موجود ایک پرانے کنویں پر لے جا کر دونوں کو پھینک دیا اور شور مچانا شروع کر دیا۔ اہل دیہہ کنویں سے بچوں کے چیخنے کی آوازیں سن کر وہاں پہنچے اور رسوں کی مدد سے کنویں اترے اور دونوں معصوم بچوں کو شدید زخمی حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بوریوالا پہنچایا جہاں سے تشویشناک حالت میں فیضان کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا لیکن وہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا جبکہ پانچ سالہ رضوان کی حالت بھی تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی باپ کو گرفتار کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن