• news

بھارتی فلم میں قوالی شامل کرنے پر ڈائریکٹر، پروڈیوسر کو نوٹس، کیس جیتنے کیلئے پرامید ہوں: امجد صابری

کراچی (آئی این پی) بھارتی فلم ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ میں ماضی کے معروف پاکستانی قوال غلا م فرید صابری قوال کی قوالی بغیر اجازت شامل اور مصرعے کو تبدیل کرنے پر پاکستانی قوال امجد صابری نے فلم کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کو لیگل نوٹس بھجوا دیا جس کا جواب بھی ان کو موصول ہو گیا ہے جس میں صابری سے کہا گیا ہے کہ وہ یہ ثابت کریں کہ یہ قوالی ان کی ہی ہے، اس حوالے سے امجد صابری نے کہا ہے کہ انہیں یہ کیس جیتے کی پوری امید ہے، کیس کی سماعت کیلئے ویزا ملتے ہی بھارت جائوں گا۔ امجد صابری نے نجی ٹی وی سے بات چیت بتایا کہ انہیں بہت سارے لوگوں کی طرف سے فون کالز آئی ہیں انہوں نے اعتراض کیا ہے کہ بھارتی فلم میں ہماری قوالی بغیر اجازت کیوں شامل کی گئی ہے۔ قوالی کے پہلے مصرعے کو بھی تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ میرے باپ دادا کی قوالی کو بنا اجازت تبدیل کر کے اپنی فلم میں شامل کرنا کاپی رائٹس کی خلاف ورزی ہے۔ امجد صابری نے پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کے خلاف احتجاج ضرور کریں۔

ای پیپر-دی نیشن