• news

پنڈی بھٹیاں، پشین اور صوابی میں ٹریفک حادثات، 9 افراد جاں بحق 28 زخمی

پنڈی بھٹیاں/ پشین/ صوابی (نامہ نگار + آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) ٹریفک حادثات میں 9 افراد جاں بحق، 28 زخمی ہوگئے۔ تفصیل کے مطابق موٹروے پر کوٹ سرور انٹرچینج کے قریب تیز رفتار مسافر بس نے پیچھے سے کار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں کار قلابازیاں کھاتی موٹر وے سے نیچے جا گری۔ حادثے میں کار سوار طلحہ اور شہزاد موقع پر جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو تحصیل ہسپتال پنڈی بھٹیاں منتقل کر دیا گیا۔ موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ بس ڈرائیور کو اونگھ آنے کے باعث پیش آیا۔ پشین میں خانوزئی کے قریب دو گاڑیوں کے تصادم میں 5 افراد جاں بحق 25 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ مرنے والوں میں دو بچے اور خاتون بھی شامل ہے۔ دو زخمیوں کو تشویشناک حالت میں کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ پشاور لاہور موٹروے پر کرنل شیر خان انٹرچینج کے قریب ٹائر پھٹ کر کار الٹ جانے سے افغان باشندے سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ حادثے کے نتیجے میں کار ڈرائیور جان عالم، افغان مہاجر منصور موقع پر جاں بحق جب کہ سلیم زخمی ہوگیا۔ پولیس نے نعشوں اور زخمی کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن