پاکستان سے دوستی ہرگزرتے دن کے ساتھ زیادہ مضبوط ہوتی جا رہی ہے: چینی سفیر
اسلام آباد+ صوابی (آن لائن+ آئی این پی) پاکستان اور چین کی دوستی کوہ ہمالیہ سے بلند اور شہد سے بھی زیادہ میٹھی ہے یہ دوستی ہمیشہ قائم و دائم رہے گی چینی عوام پاکستان کو اپنا دوسرا گھر تصور کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے اسلام آباد میں ایکس چینی ایسوسی ایشن کے صدر محمد ناصر خان کی جانب سے چینی سفارتخانے کے حکام، اسلام آباد میں مقیم ایکس چینی شہریوں کے اعزاز میں دئیے جانے والی عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہا ہے، دونوں ممالک کی دوستی ہرگزرنے والے دن کیساتھ زیادہ مضبوط ہوتی جا رہی ہے اور یہ دوستی شہد سے بھی زیادہ میٹھی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ایکس چینی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں میں تحائف تقسیم کئے جبکہ چینی بچوں کی تعلیم کیلئے 35 لا کھ روپے کا چیک بھی دیا۔ علاوہ ازیں سائینو ہائیڈرو چائینہ کمپنی کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کی دوستی لازوال ہے قومی منصوبہ جات کی تکمیل سے دوستی میں نکھار آئے گا‘ ملازمین ہمارے منصوبہ کا کلیدی حصہ ہے‘ تربیلہ ڈیم توسیعی منصوبہ میں انکی بہترین خدمات کا ہر موقع پر ستائش کی جائے گی۔ سائینو ہائیڈرو چائینہ کمپنی کی جانب سے ملازمین میں عیدی تقسیم کے موقع پر کمپنی ترجمان نے کہا کہ کمپنی اپنے ملازمین کا ہر طرح سے خیال رکھ رہی ہے۔