• news

مینگو ڈپلومیسی: نواز شریف نے بھارتی صدر، وزیر اعظم، اور سونیا گاندھی کو آموں کا تحفہ بھیج دیا

نئی دہلی (آئی این پی)وزیراعظم نواز شریف نے مینگو ڈپلومیسی پر عمل کرتے ہوئے بھارتی ہم منصب کو آموں کا تحفہ بھیج دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی، صدر پرناب مکھرجی اور کانگرس کی سربراہ سونیا گاندھی کو آموں کا تحفہ بھیجا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے ایسے وقت میں مینگو ڈپلومیسی سے کام لیا ہے جب کنٹرول لائن پر حالات کشیدہ ہیں، ایسے میں وزیر اعظم نواز شریف کے خیر سگالی کے جذبہ کے تحت اپنائی گئی’’مینگو ڈپلومیسی‘‘ سرحدوں پر کشیدگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ اوفا میں نواز مودی ملاقات کے بعدآئندہ ماہ نئی دہلی میں وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز اور بھارتی قومی سلامتی کے مشیر کے درمیان ملاقات متوقع ہے اس حوالے سے تاریخیں طے کرنے کیلئے دونوں ممالک کے دفتر خارجہ آپس میں رابطے میں ہیں، ستمبر میں نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات کے امکانات ظاہر کئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن