• news

سندھ کابینہ کے محکموں میں ردوبدل، شرجیل میمن ورکس اینڈ سروسز، نثار کھوڑو اطلاعات کے وزیر ہونگے

کراچی (سالک مجید) حکومت سندھ نے صوبائی کابینہ کے محکموں میں ردوبدل کر دیا ہے۔ محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 5 صوبائی وزراء نثار کھوڑو‘ میر ہزار خان بجارانی‘ شرجیل انعام میمن‘ مکیش کمار چائولہ اور ڈاکٹر سکندر میندھرو کے قلمدانوں میں ردو بدل کیا گیا ہے۔ شرجیل انعام میمن سے محکمہ اطلاعات کا قلمدان واپس لیکر نثار کھوڑو کو دے دیا گیا ہے۔ نثار کھوڑو کو اب وزیر اطلاعات و آبپاشی بنا دیا گیا ہے اور محکمہ تعلیم و لٹریسی کا قلمدان واپس لے لیا گیا ہے۔ میر ہزار خان بجارانی سے ورکس اینڈ سروسز واپس لیکر تعلیم و لٹریسی کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔ شرجیل انعام میمن کو محکمہ بلدیات اور آرکائیوز کے ساتھ ساتھ اب ورکس اینڈ سروسز کا قلمدان بھی سونپ دیا گیا ہے۔ مکیش کمار چائولہ کو آئی ٹی کے ساتھ ساتھ اب پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور رورل ڈویلپمنٹ کا قلمدان بھی سونپ دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر سکندر میندھرو کو اب پارلیمانی امور کے ساتھ ساتھ کوسٹل ڈویلپمنٹ اور کوآپریشن کا قلمدان بھی سونپ دیا گیا ہے۔ دریں اثناء حکومت سندھ نے صوبائی بیوروکریسی میں مزید اکھاڑ پچھاڑ کردی ہے کمشنر کراچی سے ایڈمنسٹریٹر کراچی کا اضافی عہدہ واپس لے لیا گیا ہے اور گریڈ21 کے افسر محمد وسیم کو فل ٹائم ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کر دیا ہے، ان کے پاس ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا اضافی چارج بھی رہے گا۔ محکمہ سروسز کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سید ممتاز علی شاہ کو چیئرمین اینٹی کرپشن تعینات کیا گیا ہے ان کے پاس سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کا اضافی چارج بھی موجود رہے گا۔ اعجاز احمد میمن کو سیکرٹری ورکس اینڈ سروسز تعینات کیا گیا ہے۔ عبد الرشید سولنگی کو سپیشل سیکرٹری‘ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ تعینات کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ تمام اکھاڑ پچھاڑ اپیکس کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں اور دبئی میٹنگ کی منظوری کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن