پاکستان کو میزائل، اٹیک ہیلی کاپٹرز دینے پر بھارت امریکہ سے ناراض
نئی دہلی (صباح نیوز) پاکستان کے جے ایف سیون تھنڈر طیاروں کے پہلے برآمدی آرڈر نے بھارت کو پریشان کردیا ہے۔ دوسری جانب بھارت کے ملکی سطح پر تیار تیجاس طیاروں کو جنگی آپریشن کیلئے تیار ہونے میں مزید ایک سال درکار ہوگا۔ ٹائمز آف انڈیا اور اکنامک ٹائمز نے جے ایف تھنڈر اور تیجاس کا موازنہ کرتے ہوئے ملکی سطح پر تیار تیجاس طیاروں کو ناقص قرار دیا ہے۔ تیجاس لڑاکا طیارے رافیل اور سیخوئی کی طرح کثیرالجہتی جنگی صلاحیتوں کے حامل نہیں نہ ہی وہ چین میں ہدف کا نشانہ بنا سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان پہلے ہی جے ایف سیون تھنڈر لڑاکا طیاروں کاپہلا برآمدی آرڈر حاصل کرچکا ہے۔ بھارت کو سب سے زیادہ تشویش اس پر بھی ہے کہ طاقتور انجن کے حامل تیجاس مارک ٹو کے پہلے پروٹوٹائپ کو ابھی فضاوں میں جانے کیلئے مزید تین سے چار سال لگیں گے۔ پاکستان اور چین سے شدید خوفزدہ بھارتی فضائیہ کے پاس موجود 35 سکواڈرن میں سے بھی نصف طیارے آپریشن کے قابل ہیں جب کہ بھارت کو اس وقت 44 سکواڈرن کی ضرورت ہے۔ ادھر بھارت نے پاکستان کو میزائل اور اٹیک ہیلی کاپٹرز فروخت کرنے پر امریکہ سے ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ لوک سبھا کے اجلاس میں ایک سوال کا تحریری جواب دیتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ بھارتی حکومت ملکی مفادات کے خلاف ہونے والی تمام پیش رفت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔ فوجی آلات کی فروخت پر تشویش ہے جس سے امریکہ کو مسلسل آگاہ کررہے ہیں۔