پاکستان برطانیہ کا ایک اہم ترقیاتی حصہ دار ہے: برطانوی وزیر مملکت
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) برطانیہ کے وزیر مملکت برائے بین الاقوامی ترقی ڈیمانڈ سوہن گزشتہ روز پاکستان کے دورہ پر پہنچ گئے۔ پاکستان آمد پر انہوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے پہلے دورہ پر یہاں آ کر بیحد خوشی ہوئی ہے۔ پاکستان برطانیہ کا ایک اہم ترقیاتی حصہ دار ہے جو کچھ پاکستان میں ہوتا ہے اس کا اثر برطانیہ پر پڑتا ہے۔ برطانیہ کے دس لاکھ سے زیادہ شہری پاکستانی نژاد ہیں‘ ہم خاندانی تجارتی اور دوستی کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ برطانوی وزیر مملکت نے کہا کہ 2013 کے انتخابات کے بعد موجودہ حکومت ملک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے اپنے عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ حکومت نے سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے ایسے اقدامات کئے ہیں جس سے معاشی ترقی کے لئے اصلاحات کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ یہ پالیسی پاکستان میں مضبوط ترقی کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔ برطانوی حکومت حکومت پاکستان کی ترقیاتی پارٹنر ہے۔ ہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ترقیاتی منصوبوں میں مدد کریں گے۔ ہم بے روزگار پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے کوشاں رہیں گے۔ برطانوی وزیر مملکت پاکستان میں قیام کے دوران حکومتی نمائندوں‘ سول سوسائٹی کے ارکان اور دوسری اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔