لاہور‘ گوجرانوالہ میں لاپتہ 2 بچوں کی نعشیں جوہڑوں سے برآمد‘ ایک کو زیادتی کے بعد قتل کا شبہ
لاہور + فیروز والا + گوجرانوالہ (نامہ نگاران + نمائندہ خصوصی) لاہور اور گوجرانوالہ میں لاپتہ ہونے والے 2 کمسن بچوں کی نعشیں جوہڑوں سے برآمد ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق لا ہور میں مقبرہ جہانگیرمیںٹرو کے روزوالدین کے ہمراہ سیر کے دوران لا پتہ ہو نے والے 5سالہ کمسن بچے کی نعش شا ہدر ہ ٹائون کے علاقہ میںایک جوہڑ سے مل گئی۔ شبہ ہے کہ اسے نامعلوم افراد نے اغواء اورزیادتی کا نشانہ بنانے کے بعدگلہ دبا کر قتل کردیا اور نعش پھینک کر فرار ہوگئے ہیں۔ گوجرانوالہ حیدر کالونی، عالم چوک کا طاہر احمداپنی بیوی اور بچوں کے ہمراہ ٹرو کے روز عید منانے کے لیے شاہدرہ ٹائون لاہور اپنے سسرال آیا تھا جہاں سب اہلخانہ سیر کے لئے مقبرہ جہانگیرچلے گئے۔ وہاں کھیلتے ہوئے طاہر احمد کا 5سالہ بیٹا افنان پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا تھا۔ گھر والے اسے تلاش کرتے رہے مگر کچھ پتہ نہ چل سکا۔ گزشتہ روزشہریوں نے سراج پارک میںایک جوہڑ میں 5سالہ بچے کی نعش دیکھ کر پولیس کو اطلاع کی ۔پولیس نے نعش کو قبضے میں لے کر شناخت کی کوشش کی تو افنان کے اہلخانہ نے اس کی شناخت کرلی اور دھاڑیں مار کر روتے رہے۔پولیس نے جائے وقوعہ پر شواہد اکٹھے کر کے مقتول بچے کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے جمع کرا دی ہے۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نامعلوم افراد نے بچے افنان کو اغواء کے بعدمبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گلہ دبا کر قتل کردیا۔ پو لیس نے نا معلوم افرا د کے خلا ف مقد مہ در ج کر کے تفتیش کا آغازکردیا ہے ۔پولیس کے مطابق اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے۔ واقعہ کے بعد علاقہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ اہل علاقہ نے بتایا کہ علاقہ میں دو ماہ کے دوران یہ تیسرا اس قسم کا واقعہ ہے۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ میں عید منانے کیلئے نانی کے گھر آنے والے 6 سالہ بچے کی نعش 2 روز بعد جوہڑ سے برآمد ہوگئی ہے۔ لخت جگر کی نعش سے لپٹ کر غمزدہ ماں چیخ و پکار کر تی رہی۔ لاہور کا رہائشی ادریس بیوی اور بچوں کے ہمراہ عید منانے کیلئے اپنے سسرال کشمیر کالونی آیا ہوا تھا کہ دو روز قبل اسکا 6 سالہ بیٹا عبداللہ گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اچانک لا پتہ ہو گیا۔ ورثاء نے اسکی تلاش شروع کر دی مگر اسکا کوئی سراغ نہ مل سکے تاہم دو روز بعد کمسن عبداللہ کی نعش علاقہ میں واقع جوہڑ سے برآمد ہو گئی۔بچے کی نعش گھر پہنچنے پر قیامت برپا ہو گئی جبکہ غم سے نڈھال ماں اپنے لخت جگر کی نعش سے لپٹ کر چیخ و پکار کرتی رہی۔