پاکستان، افغانستان مشترکہ اقتصادی کمشن کا اجلاس 26 اور 27 اگست کو اسلام آباد میں ہوگا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) افغانستان کے سفیر جانان موسیٰ زئی نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات میں پاک افغان مشترکہ اقتصادی کمشن کے اسلام آباد اجلاس کو حتمی شکل دیدی گئی۔ اجلاس 26 سے 27 اگست کو منعقد ہوگا۔ وزیر خزانہ پاکستان اور افغان وزیر خزانہ عقلیل احمد حکیمی افغانستان کے وفد کی قیادت کریں گے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے مشترکہ اقتصادی کمشن کے اجلاس کیلئے ضروری تیاری کرلی ہے۔ انہوں نے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن کو ہدایت کی گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد اور منصوبوں کی پیشرفت کی رپورٹ تیار کریں۔ افغان سفیر نے کہا کہ پاکستان اشیاء پر 110 فیصد ضمانتی کسٹمز ڈیوٹی اور 100 ڈالر فی 25 ٹن کے خاتمہ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ نے نوٹیفکیشن کے اجراء کا خیرمقدم کیا۔ افغان سفیر نے جلال آباد طورخم شاہراہ پر کام کی رفتار میں اضافہ کی تعریف کی۔