جمعیت علما پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ اور عاملہ کا اجلاس یکم اگست کو کراچی میں ہوگا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علما پاکستا ن کی مرکزی مجلس شوریٰ اور عاملہ کا مشترکہ اجلاس یکم اگست کو کراچی میں طلب کرلیا گیا ہے۔ جے یو پی کے مرکزی صدر پیر اعجا ز احمد ہاشمی کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال ، تنظیمی امور ، آپریشن ضرب عضب، سیاسی اصلاحا ت، بلدیاتی انتخابات ، اتحاد اہل سنت ، بھارتی جارحیت ، عالمی منظر نامے میں تبدیلیوں سمیت متعدد امورپر بحث کی جائے گی۔ دریں اثنا ، میڈیا سے گفتگو میں جے یو پی کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی نے واضح کیا ہے کہ اتحاد اہل سنت جمعیت علما پاکستان کی تر جیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور جمعیت علما اسلا م کے باہمی اختلافات کے باعث متحدہ مجلس عمل اب ماضی کا قصہ بن چکی ہے ۔