حکومت کو مدت پوری کرنے کیلئے فری ہینڈ دینگے: مولا بخش‘ عارف علوی
اسلام آباد (شفقت علی/ دی نیشن رپورٹ) جوڈیشل کمشن کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کی حکومت کو اپنی 5سالہ مدت پوری کرنے کیلئے فری ہینڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے نیشن کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی چاہتی ہے عام انتخابات اپنے مقررہ وقت 2018ء میں منعقد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اپنی مدت پوری کرے اور عمران خان کو بھی بچگانہ سیاست بند کر دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران کو فیصلے کو اپنی انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔ ہمیں بھی انتخابات کے نتائج پر تحفظات تھے مگر ہم نے جمہوریت کی خاطر تسلیم کیے مسلم لیگ ن حکومت کی مدت پوری ہونے پر لوگوں کو اپنی مرضی کی پارٹی کو منتخب کرنے کا حق ہونا چاہیے اگر مسلم لیگ ن نے کام نہ کیے تو لوگ انہیں مسترد کردیں گے اور یہی جمہوریت کا حق ہے۔ تحریک انصاف کو خیبر پی کے حکومت پر مکمل توجہ دینی چاہیے انہوں نے صوبے میں کچھ نہیں کیا اور اس کا نتیجہ اُنہوں نے بلدیاتی الیکشن میں دیکھ بھی لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فرینڈلی اپوزیشن کے طعنے بھی دیئے گئے مگر ہمیں پاکستان کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرے گی تو ہم سپورٹ کریں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے کہا ہم حکومت پر دھاندلی کے حوالے سے طنزیہ ردعمل نہیں دیں گے تاہم ہم اب بھی سمجھتے ہیں کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جوڈیشل کمشن میں دھاندلی ثابت کرنے میں ناکام رہی ہم فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں چیف جسٹس فیصلہ دے چکے ہیں اور ہم اس کو ایشو نہیں بنانا چاہتے مسلم لیگ ن کی حکومت اب اپنی مدت پوری کرے مگر ہم فرینڈلی اپوزیشن نہیں بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اس سال پنجاب اور سندھ میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن کی تیاری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے غلط اقدامات پر آواز اُٹھاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کرپشن ختم کرنے کیلئے کچھ نہیں کیا ہماری مسلم لیگ ن سے کوئی دشمنی نہیں عوام کی بہتری کی پالیسیوں کو سپورٹ کریں گے، نیب کو کرپشن میں ملوث بڑی مچھلیوں کے خلاف کارروائی کا اختیار ہونا چاہیے۔