طارق فاطمی کی امریکی سینیٹرز سے ملاقات، داعش کے خلاف مل کر کارروائی کرنے پر اتفاق
واشنگٹن (آن لائن+ نیٹ نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی امریکی حکام سے ملاقاتیں جاری، داعش کیخلاف مل کر کارروائی کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ طارق فاطمی نے جن سینیٹرز سے ملاقات کی ان میں سینیٹر ڈیان فائن سٹائن اور سینیٹر رابرٹ کیسی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران طارق فاطمی نے امریکی سینیٹرز کو دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے بارے میں آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا انفراسٹرکچر تباہ کردیا گیا ہے اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اس موقع پر امریکی سینیٹرز نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہا اور امریکی تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ سینٹر ڈیان فائن کے ساتھ ملاقات کے دوران داعش کے خلاف مل کر کارروائی پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان خفیہ معلومات کے تبادلہ اور دفاعی امور پر بھی غور کیا گیا۔