مسلم لیگ ن کا اجلاس، قربانی دینے والے کارکنوں کو بلدیاتی الیکشن کے ٹکٹ ملیں گے
لاہور( فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ (ن) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جیتنے کے لئے ممبران اسمبلی اور پارٹی کے تنظیمی عہدیداران کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنائے گی۔ پارٹی کے قربانی دینے والے کارکنوں کو پارٹی ٹکٹیں دی جائیں گی۔ ضلعی تنظیموں کے عہدیداران کو بھی ضلعی ترقیاتی کمیٹیوں میں ممبران اسمبلی کی طرح نمائندگی دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قائم کردہ پبلک افیئرز کمیٹی پنجاب کے سربراہ میاں حمزہ شہباز شریف ضلعی تنظیموں کے صدور / جنرل سیکرٹریوں سے آئندہ 3 ماہ کی بجائے 2 ماہ بعد ملا کریں گے۔ یہ فیصلے گزشتہ روز 180 ایچ ماڈل ٹائون میں مسلم لیگ (ن) کے 36 اضلاع کے صدور اور جنرل سیکرٹریوں کے اجلاس میں کئے گئے جس کی صدارت میاں حمزہ شہباز شریف نے کی۔ جبکہ مسلم لیگ ن پنجاب کے جنرل سیکرٹری راجہ اشفاق سرور، پبلک افیئر کمیٹی کے ممبران مہر اشتیاق، سعود مجید، منشاء اللہ بٹ، ندیم کامران اور مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر پرویز ملک اُن کے ہمراہ سٹیج پر موجود تھے۔ اجلاس میں ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریوں نے پارٹی کو فعال اور متحرک بنانے کے لئے تجاویز پیش کیں۔ رحیم یار خان کے صدر خالد شاہین نے حمزہ شہباز سے مخاطب ہو کر کہا آپ کے یہاں آنے سے پہلے عہدیدار بہت باتیں کر رہے تھے لیکن اب آپ کے سامنے بولنے کی جرأت نہیں کر پا رہے۔ تاہم خود انہوں نے بھی اس کے بعد احتیاط کا دامن تھامے رکھا۔ انہوں نے کہا ممبران اسمبلی اڑتے پنچھی ہیں اُن پر انحصار کرنے کی بجائے پارٹی تنظیم مضبوط بنائی جائے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے صدر و رکن پنجاب اسمبلی امجد علی جاوید نے گفتگو کا آغاز اس شعر سے کیا ’’ان کے دیکھے سے جو آ جاتی ہے منہ پر رونق، وہ سمجھتے ہیں بیمار کا حال اچھا ہے‘‘۔ انہوں نے تجویز پیش کی چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلروں کے لئے پارٹی ٹکٹ کے لئے ہر ضلع کے کارکنوں کے دیئے فنڈز سے اس ضلع میں مسلم لیگ ہائوس قائم کئے جائیں۔ ملتان کے صدر بلال بٹ نے کہا ہم ممبران اسمبلی کے خلاف ہیں لیکن جو کارکن برے وقت کے ساتھ ہیں ان کی تجاویز کو وزن دیا جائے۔ انہوں نے بھی ہر ضلع میں مسلم لیگ ہائوس قائم کرنے کی تجویز کی حمایت کی۔ فیصل آباد کے صدر شیخ اعجاز احمد ایم پی اے نے اظہار خیال میں اشعار کا سہارا لیا۔ جن سے قائدین نے خوب انجوائے کیا۔ ننکانہ کے صدر رانا محمد ارشد، جنرل سیکرٹری ذوالفقار شاہ، بہاولنگر کے جنرل سیکرٹری محمود الحسن اور صدر شیخوپورہ و رکن صوبائی اسمبلی عارف سندھیلہ نے بھی مسلم لیگ ہائوس قائم کرنے کی تجویز کی حمایت کی۔