• news

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا پہلا مرحلہ: ملتان‘ بہاولپور‘ ڈی جی خان میں سروس کمشن دفاتر کی منظوری

لاہور (معین اظہر سے) حکومت پنجاب جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنانے کے لئے پہلے فیز میں جنوبی پنجاب میں پبلک سروس کمشن کے ریجنل آفس قائم کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے اور پبلک سروس کمشن کے ممبران کی تعداد 12 سے بڑھا کر 20 کی جارہی ہے دو ممبران ملتان، دو بہاولپور، دو ڈی خان اور دو راولپنڈی میں مستقل بیٹھیں گے۔ حکومت پنجاب نے جنوبی پنجاب پبلک سروس کمشن کے ریجنل دفاتر کے لئے 55 کروڑ روپے کی رقم بھی جاری کر دی ہے۔ نئے دفاتر ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان میں بنائے جائیں گے پبلک سروس کا سارا نظام کمپیوٹرائز کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ حکومت پنجاب نے جنوبی پنجاب کے طالب علموں کے لئے پبلک سروس کمشن کے نئے دفاتر قائم کرنے وہاں پر ممبران کی مستقل آسامیاں پیدا کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ پبلک سروس کمشن کا چیئرمین لاہور میں ہی بیٹھے گا۔ کمشنروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ ایک ماہ میں زمین کو پبلک سروس کے نام ٹرانسفر کرکے دفاتر کی تعمیر شروع کر دی جائے۔ نئے دفاتر کی وجہ سے حکومت پنجاب نے پبلک سروس کمشن کے لئے 2200 نئی آسامیوں کی منظوری بھی دی ہے۔ کچھ آسامیاں لاہور میں بھی پید ا کی جائیں گی۔ چیئرمین اپنے دفتر میں بیٹھ کر دیگر شہروں میں ہونے والے انٹرویوز اور دیگر کارروائی براہ راست دیکھ سکیں گے۔ دوسرے فیز میں حکومت پنجاب کے پاس یہ تجویز بھی زیر غور ہے تمام محکموں میں سپیشل سیکرٹری کی 2 آسامیاں پیدا کرکے ایک جنوبی پنجاب میں بیٹھے گا جبکہ دوسرا راولپنڈی یا فیصل آباد میں بیٹھے گا۔ پہلے مرحلہ میں 7 صوبائی محکموں میں یہ نظام لاگو کیا جائے گا جن میں سی اینڈ ڈبلیو، تعلیم، صحت، ایریگیشن، لائیو سٹاک،زراعت شامل ہیں۔ پبلک سروس کمشن کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد اکرم نے وزیر اعلی پنجاب کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں پبلک سروس کمشن کا پلان سب سے پہلے تیار کر کے دیا تھا جس پر وزیراعلیٰ نے اس کی فوری منظوری دے دی۔

ای پیپر-دی نیشن