• news

کوئٹہ: 9 دہشت گرد گرفتار، بس میں موٹر سائیکل بم دھماکہ، بچہ زخمی

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کچلاک میں ایف سی نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 9 دہشت گردوں کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ گزشتہ روز فرنٹیئر کور بلوچستان اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے کچلاک کے علاقے میں چھاپہ مارا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔ ایف سی نے جوابی کارروائی کے بعد ایک زخمی سمیت 9 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔ ایف سی نے تفتیش شروع کردی۔ لورالائی کے علاقے میں 2 فراری کمانڈروں، ڈیرہ بگٹی میں 3 نے اپنے ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال دیئے۔ جمعرات کو لورالائی کے علاقے بہلول میں 2 فراری کمانڈروں میر ہزار خان مری اور کمانڈر حیدر موالی نے اپنے ساتھیوں سمیت خود قانون کے حوالے کر دیا۔ خود کو قانون کے حوالے کرنے والے فراری کمانڈر اور انکے ساتھی دہشت گردی کی وارداتوں اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ ادھر سوئی میں 3 فراری کمانڈروں نے ہتھیار ڈالے۔ ادھر ڈیرہ بگٹی میں ایف سی نے تخریب کاری کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 10 کلوگرام وزنی دھماکہ خیز مواد ناکارہ بنا دیا۔ دہشت گردوں نے سڑک کے کنارے دھماکہ خیز مواد نصب کر رکھا تھا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ سبی کی تحصیل لہڑی بس اسٹینڈ پر موٹر سائیکل میں نصب بم دھماکہ میں ایک بچہ زخمی ہو گیا جبکہ علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا اس کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں پولیس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک بچی زخمی ہو گئی۔ پولیس نے زخمیوں کو فوری طور پر بولان میڈیکل ہسپتال پہنچا دیا۔

ای پیپر-دی نیشن