خاران : لیویز اہلکار شہید : کوئٹہ ‘ سبی میں گیارہ دہشت گرد گرفتار‘ لاہور سے مزید چالیس مشتبہ افراد پکڑے گئے
کوئٹہ+ سبی + لاہور (بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگار + ایجنسیاں) بلوچستان کے علاقے خاران میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے لیویز اہلکار شہید ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقہ کوگھیرے میں لے لیا۔ بلوچستان کے ضلع سبی اور کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 11 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا جبکہ لاہور میں سرچ آپریشن کے دوران مزید 40 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ترجمان ایف سی کے مطابق سبی کے علاقے گوٹھ یار محمد جمالی میں فرنٹئیرکور نے حساس اداروں کیساتھ کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے 20 عدد ایس ایم جی، دو ایل ایم جی، ایک را کٹ لانچر بمعہ 6گولے دو نائن ایم ایم اور ایک 12.7ایم ایم پسٹل سمیت سیکڑوں راﺅنڈز برآمد کرلئے۔ دوسری جانب کوئٹہ میں بھی پولیس اور حساس اداروں نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 8 دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس اور حساس اداروں کی جانب سے سریاب‘ سیٹلائٹ ٹاﺅن کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ دہشتگردوں کے قبضے سے دیسی ساختہ بم‘ بارودی مواد‘ ریموٹ کنٹرول اور دیگر ہتھیار برآمد کر لئے گئے۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کے علاقے کیچی بیگ سے 13 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ادھر خاران میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے لیویز اہلکار شہید ہوگیا۔ جمعہ کے روز خاران کے علاقے کلی مسکان قلات گھر کے سامنے دکان پر بیٹھے لیویز حوالدار عبدالرب پر نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ عبدالرب موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ادھر قمبرانی روڈ پر دو گروپوں میں فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوگئے۔ ایف سی اور حساس ادارے نے لورالائی کے علاقے میں کارروائی کرکے افغان بستی سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔ ادھر پنجگور کے علاقے چتکان میں واقع سکیورٹی فورسز کے کیمپ کے قریب تین راکٹ لانچر فائر کئے گئے جو گر کر زور دھماکوں سے پھٹ گئے جن کی آواز دور دور تک سنی گئی تاہم کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ علاوہ ازیں گلگت میں فائرنگ کے دو واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مدینہ ہوٹل کے قریب فائرنگ کی گئی جس سے ایک شخص اعجاز دم توڑ گیا۔ شہیدملت روڈ پر بھی فائرنگ کے واقعہ میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ ادھر لاہور میں داتا دربار پولیس نے ہوٹلوں اور سراﺅں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 40 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ پکڑے جانے والے مشتبہ افراد میں بیشتر کا تعلق علاقہ غیر سے بتایا جاتا ہے۔ سی سی پی او لاہور اور ڈ یآئی جی آپریشنز کی ہدایت پر لاہور کی مختلف ڈویژنوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ سٹی ڈویژن کے علاقہ داتا دربار میں پولیس نے ہوٹلوں اور سراﺅں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے ان مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔ پولیس نے ہوٹلوں میں مشکوک افراد سے ان کی شناخت اور دیگر کوائف بھی طلب کئے۔ شناختی کارڈ اور کوائف نہ فراہم کرنے والے افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا اور ان سے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق پکڑے جانے والے مشکوک افراد میں سے زیادہ تر علاقہ غیر سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ افغانی یا پٹھان ہیں۔
خاران/ لیویز اہلکار شہید