حلقہ پی پی 100، ضمنی الیکشن آج ہو گا، چودھری اختر اور احسان اللہ ورک میں سخت مقابلہ متوقع
کامونکے/ سادھوکے/ گوجرانوالہ (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) حلقہ پی پی 100 میں ضمنی انتخاب آج ہو گا جس میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے مابین سخت مقابلہ متوقع ہے۔ مسلم لیگ ن کے ایم پی اے چودھری شمشاد احمد خاں کے قتل کے بعد یہ سیٹ خالی ہوئی تھی جس پر انکے بھائی چودھری اختر علی خان مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے امیدوار چودھری احسان اللہ ورک کے مابین سخت مقابلہ ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار رانا شہباز خاں بھی سیٹ جیتنے کیلئے زور آزمائی کریں گے۔ الیکشن کے سلسلے میں 113 پولنگ سٹیشنوں کا سامان جامع ہائی سکول سے پریذائڈنگ افسران کے حوالے کر دیا گیا، سامان میں بیلٹ بکس، اسکرینیں، ووٹر لسٹیں، مہریں، مختلف اقسام کے فارم، لفافے اور دیگر الیکشن میٹریل شامل ہے۔ پولنگ کے سامان کی ترسیل کے وقت سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ ضمنی انتخاب میں چودھری مسرور بجاڑ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر جبکہ دو اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر ہوں گے جن میں اے سی کامونکی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کامونکی شامل ہیں۔ دوسری طرف ضلعی انتظامیہ نے گذشتہ شام فلیگ مارچ کے دوران جی ٹی روڈ سمیت حلقہ پی پی 100 میں پولنگ اسٹیشنوں کا جائزہ لینے کے علاوہ سرکل بھر میں پولیس ناکوں پر تعینات عملہ کو ہدایات دیں جبکہ رینجر کے مسلح دستوں نے بھی گذشتہ روز جی ٹی روڈ اور دیگر علاقوں میں گشت کیا۔ دریں اثناء انتخابی ریلی کے دوران مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے تصادم سے زخمی ہونے والے بارہ لیگی کارکنوں سابق امیدوار ایم کیو ایم مظفر شاہ، ساجد، طارق علی، رانا شیروز، نعیم اقبال، قیصر نذیر، ظہیر احمد، سلیم اختر، مبشر یوسف، محمد رمضان، ملک شہزاد، لیاقت علی نے مقامی ہسپتال سے میڈیکولیگل حاصل کرکے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست تھانہ صدردیدی۔ جبکہ انتخابی ریلی کے دوران اسلحہ کی نمائش اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں صدر پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے عرفان، محمد نذیر، شہباز، منیر احمد، مشتاق جبکہ سٹی پولیس نے عثمان کے خلاف مقدمات درج کر کے ملزمان کو شخصی ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کا رکنوں کے درمیان ہونیوالے تصادم کے بعد ریٹرننگ آفیسر پی پی 100 چو ہدری ندیم قاسم نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چودھری اختر علی خان اور پی ٹی آئی کے امیدوار چو ہدری احسان اللہ ورک کو گزشتہ روز طلب کیا۔ ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر کے روبرو مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا اختر علی خان اور پی ٹی آئی کے امیدوار چو ہدری احسان اللہ ورک کی جانب سے علی عرفان ورک حاضر ہوئے اس دوران دونوں پارٹیوں نے تصادم کے حوالے سے ایک دوسرے پر الزامات لگائے بعدازاں انہوں نے ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر کو پر امن رہنے کی یقین دہانی کر وائی۔